غزہ (پاک ٹوڈے): غزہ میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث 2 لاکھ 20 ہزار سے زائد فلسطینی براہِ راست متاثر ہوئے ہیں، جبکہ بے گھر افراد کے ہزاروں خیمے اور عارضی رہائش گاہیں تباہ ہو گئی ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے متاثرہ خاندانوں کی مشکلات اور موسم سرما کے لیے ناکافی امدادی سامان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
یونیسیف کے مطابق سیلابی صورتحال کے بعد ہزاروں فلسطینی خاندان شدید مشکلات کا شکار ہیں اور انہیں سرد موسم سے بچاؤ کے لیے مناسب رہائش اور ضروری سامان کی کمی کا سامنا ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے ترپالیں، خیمے اور بچوں کے لیے گرم کپڑے فراہم کیے جا رہے ہیں، تاہم موسم سرما کی ضروریات پوری کرنے کے لیے امدادی سامان کی فراہمی میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کی انسانی ہمدردی سے متعلق رپورٹ کے مطابق 9 نومبر تک شدید بارشوں سے تقریباً 2 لاکھ 26 ہزار افراد متاثر ہوئے، جبکہ 9 ہزار سے زائد عارضی رہائشی پناہ گاہیں ناقابل استعمال ہونے کی اطلاعات ہیں۔