پشاور (پاک ٹوڈے): خیبر پختونخوا میں گزشتہ رات ہونے والی تیز بارش اور طوفان کے باعث پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ریجن میں 150 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی عارضی طور پر متاثر ہوئی ہے۔
پیسکو ترجمان کے مطابق تیز ہواؤں اور بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کے کھمبے گرنے اور فیڈرز میں فالٹس آنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔ پشاور سرکل کے 41، خیبر سرکل کے 35، مردان سرکل کے 9 اور صوابی کے 17 فیڈرز متاثر ہوئے۔
اسی طرح سوات کے 7، ڈی آئی خان کے 18 اور بنوں کے 23 فیڈرز بھی بجلی کی بندش سے متاثر ہیں۔
پیسکو کے مطابق چیف اختر حمید خان کی ہدایت پر آپریشن ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں مرمتی کام شروع کر دیا ہے، جبکہ ٹیموں کو کھمبے، ٹرانسفارمرز، تاریں اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔
ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور بجلی کی بحالی کے عمل کی نگرانی کے لیے پیسکو ہیڈ آفس میں خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ زیادہ تر متاثرہ فیڈرز پر بجلی جلد بحال کر دی جائے گی۔