ڈیانا سخت سکیورٹی میں آذربائیجان روانہ، 3 پولیس افسران بھی ہمراہ

لاہور (پاک ٹوڈے): لاہور میں مبینہ زیادتی کے واقعے کی متاثرہ آذربائیجان کی 22 سالہ خاتون ڈیانا رومک قزی باغییوا کو سخت سکیورٹی میں آذربائیجان کے دارالحکومت باکو روانہ کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ڈیانا کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 159 کے ذریعے باکو روانہ کیا گیا۔ آذربائیجانی سفارتخانے کی خصوصی درخواست پر اے ایس پی ڈیفنس سمیت تین پولیس افسران اور ایک خاتون پولیس اہلکار بھی ڈیانا کے ہمراہ باکو روانہ ہوئے۔

پولیس افسران نے لاہور ایئرپورٹ پر ڈیانا کی بورڈنگ سمیت روانگی کے تمام مراحل اپنی نگرانی میں مکمل کروائے، جبکہ روانگی تک خاتون ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کی نگرانی میں رہیں۔

دو روز قبل ڈیانا نے طیارے میں سوار ہونے کے باوجود اچانک سفر سے انکار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اسے دھوکے سے واپس بھیجا جا رہا ہے۔

عدالت میں ریکارڈ کرائے گئے بیان میں ڈیانا نے الزام عائد کیا تھا کہ وہ 13 ستمبر کو استنبول سے پاکستان پہنچی اور فیصل آباد کے بعد لاہور آئی، جہاں نمرہ اور مسکان کے ذریعے مبینہ طور پر ایک فلیٹ پر پہنچی۔ اس نے محسن، احمد اور علی زین پر بلیک میلنگ، رقم اور موبائل فونز چھیننے اور مبینہ اجتماعی زیادتی کے الزامات عائد کیے تھے۔

دوسری جانب گرفتار ملزمان محسن اور علی زین نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ڈیانا اپنی مرضی سے فلیٹ پر رکی تھی اور تمام معاملات باہمی رضامندی سے ہوئے۔

Related posts

بند کمروں کے فیصلہ سازوں کو ایبسلوٹلی ناٹ کہا، فیصلے عوام کی امنگوں کے مطابق ہوں گے، سہیل آفریدی

پشاور میں سیکیورٹی الرٹ، اضافی نفری طلب، محسن نقوی کو اہم بریفنگ

صدر اور وزیراعظم اگر گورنر راج یا ایمرجنسی لگانا ضروری سمجھیں تو گورنر ہاؤس بھرپور آئینی کردار ادا کرے گا