اسلام آباد (پاک ٹوڈے): خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کی کوششوں کے سلسلے میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا ایران کا ایک روزہ اہم دورہ مکمل ہو گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ایران پہنچنے پر وفد کا استقبال ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے کیا۔ دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل میں رہبرِ اعلیٰ کے نمائندے محسن رضائی، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف، اور ایرانی وزیر خارجہ و وزیر داخلہ سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں خطے میں کشیدگی میں کمی، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور درپیش تنازعات کے پرامن مذاکرات کے ذریعے حل پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی قیادت نے علاقائی امن کے قیام اور تنازعات کے حل میں پاکستان کے تعمیری کردار اور مخلصانہ سفارتی کوششوں کو سراہا۔