لنڈی کوتل کے کراٹے کھلاڑیوں کا قومی چیمپئن شپ میں اعزاز، تین پوزیشنیں حاصل کرلیں

پشاور (شاہین آفریدی) ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل سے تعلق رکھنے والے کیوکشن کراٹے کے کھلاڑیوں نے قومی چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین نمایاں پوزیشنیں حاصل کرلیں اور میڈلز و ٹرافیاں اپنے نام کرلیں۔

تفصیلات کے مطابق قومی چیمپئن شپ کے ہیوی ویٹ مقابلوں میں عابد رضا نے پہلی پوزیشن حاصل کرکے گولڈ میڈل جیتا، جبکہ مڈل ویٹ کیٹیگری میں نگار نے بھی پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح کاتا مقابلوں میں حماد نذیر نے دوسری پوزیشن حاصل کرکے سلور میڈل اپنے نام کیا۔

کامیاب کھلاڑیوں نے نور اسلم اور حیات نذیر کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پریس کلب خیبر لنڈی کوتل میں میڈلز اور ٹرافیوں کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی کامیابیوں کی تفصیلات بتائیں۔

اس موقع پر نور اسلم اور حیات نذیر کا کہنا تھا کہ لنڈی کوتل کے نوجوان کراٹے کھلاڑی مسلسل محنت اور بہترین کھیل کی بدولت قومی اور بین الاقوامی سطح پر کامیابیاں حاصل کررہے ہیں۔ علاقے کے کھلاڑی بیرون ملک منعقد ہونے والے بین الاقوامی کراٹے مقابلوں میں بھی پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ نمایاں کامیابیوں کے باوجود کھلاڑیوں کو حکومتی سطح پر مالی اور ادارہ جاتی معاونت حاصل نہیں۔ کھلاڑی اپنی مدد آپ کے تحت قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے اخراجات برداشت کرتے ہیں، جبکہ محکمہ کھیل کی جانب سے بھی ان کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی کے لیے خاطرخواہ اقدامات نہیں کیے گئے۔

نور اسلم اور حیات نذیر نے کہا کہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو مالی معاونت، بہتر تربیت اور ضروری سہولیات فراہم کی جائیں تو وہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کے لیے مزید اعزازات حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے محکمہ کھیل، ڈپٹی کمشنر خیبر، گورنر خیبرپختونخوا، آرمی چیف، کور کمانڈر پشاور اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ لنڈی کوتل کے کراٹے کھلاڑیوں کی سرپرستی کی جائے اور انہیں بیرون ملک بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے لیے فوری مالی معاونت فراہم کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں کے نوجوانوں میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں مناسب مواقع اور وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرسکیں۔

Related posts

لیبیا میں تارکین وطن کی کشتی حادثے کا شکار، 120 افراد لاپتہ، 35 کا تعلق باجوڑ سے ہے

مردان سے لاپتا ہونے والے ایم این اے فضل محمد خان بازیاب، گھر پہنچ گئے

بلوچستان میں سرکاری محکموں میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور کنٹریکٹ ملازمت کے بل پر تشویش