حمید سمسور| پاک ٹوڈے
بلوچستان کے سرکاری محکموں میں تنخواہوں اور وظائف کی عدم ادائیگی کے ساتھ ساتھ کنٹریکٹ کی بنیاد پر ملازمتوں کے مجوزہ بل پر بھی شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
ڈاکٹرز اور ملازمین کی تنظیموں نے حکومت کے سامنے اپنے مطالبات رکھتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات ملازمین کے معاشی تحفظ پر کاری ضرب ثابت ہوں گے۔
وائی ڈی اے کا نو نکاتی مطالبات کا چارٹر
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے) کے صدر ڈاکٹر ہائی بلوچ اور ترجمان ڈاکٹر ثناء اللہ بلوچ نے صوبائی حکومت کے سامنے مطالبات کا نو نکاتی چارٹر پیش کیا، جس میں وظائف (اسٹائپنڈز) کی ادائیگی میں تاخیر اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی جیسے مسائل کو اجاگر کیا گیا۔
712 پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز چھ ماہ سے وظائف سے محروم
وائی ڈی اے کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری کی ہدایات کے باوجود 712 پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز گزشتہ چھ ماہ سے وظائف سے محروم ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف نیفرولوجی اینڈ یورولوجی میں تعینات ڈاکٹرز بھی بنیادی الاؤنسز سے محروم ہیں، جبکہ 600 سے زائد ہاؤس آفیسرز کو برسوں سے وظائف ادا نہیں کیے گئے۔ ان میں وہ 274 ڈاکٹرز بھی شامل ہیں جنہوں نے 2024 سے جنوری 2025 تک خدمات انجام دیں۔
ٹروما سینٹر میں بھرتیوں میں بے قاعدگیوں کا الزام
وائی ڈی اے رہنماؤں نے ٹروما سینٹر میں بھرتیوں میں بے قاعدگیوں کا الزام لگاتے ہوئے بتایا کہ 700 مشتہر اسامیوں کے مقابلے میں 1100 ڈاکٹرز کو تعینات کیا گیا، تاہم تین ماہ تک کام کرنے کے باوجود انہیں کوئی معاوضہ ادا نہیں کیا گیا۔
کنٹریکٹ سسٹم پر الائیڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی تشویش
محکمہ صحت سے وابستہ ڈاکٹرز کے علاوہ دیگر ملازمین کی تنظیموں میں بھی کنٹریکٹ سسٹم کے حوالے سے شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
الائیڈ ہیلتھ آرگنائزیشن بلوچستان نے کہا ہے کہ سرکاری محکموں میں مستقل ملازمتوں کے بجائے کنٹریکٹ سسٹم کا نفاذ ملازمین کے معاشی تحفظ پر کاری ضرب ہوگا۔
الائیڈ ہیلتھ آرگنائزیشن بلوچستان کے صوبائی صدر جمال شاہ کاکڑ نے بلوچستان اسمبلی میں گریڈ 1 سے گریڈ 22 تک کے سرکاری ملازمین کی مستقل ملازمتوں کے بجائے کنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتیوں اور موجودہ ملازمتوں کو بھی کنٹریکٹ سسٹم کے تحت لانے سے متعلق مجوزہ قانون سازی پر شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
جمال شاہ کاکڑ: کیا ملازمت کا تحفظ ختم کرنا ہی اصلاحات ہیں؟
انہوں نے کہا کہ جو ملازمین اپنی زندگی کے قیمتی سال سرکاری اداروں اور عوام کی خدمت میں صرف کرتے ہیں، کیا ان کی ملازمتوں کا تحفظ ختم کرنا ہی حکومتی اصلاحات کا تصور ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ الائیڈ ہیلتھ آرگنائزیشن بلوچستان اصلاحات کی مخالف نہیں بلکہ ایسی ہر مثبت اصلاح کی حمایت کرتی ہے جو سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنائے۔ تاہم ایسی کسی بھی قانون سازی کو ہرگز قبول نہیں کیا جا سکتا جو ملازمین کے بنیادی حقوق، مستقل ملازمت کے تحفظ، معاشی استحکام اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کو خطرے میں ڈالے۔
جمال شاہ کاکڑ نے صوبائی حکومت اور متعلقہ حکام سے پرزور مطالبہ کیا کہ گریڈ 1 سے گریڈ 22 تک کے سرکاری ملازمین کے مستقبل کے حوالے سے کوئی ایسا فیصلہ یا قانون سازی نہ کی جائے جس سے ہزاروں ملازمین اور ان کے خاندانوں کا معاشی تحفظ متاثر ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ملازمین کو کنٹریکٹ سسٹم کی غیر یقینی صورتحال سے دوچار کرنے کے بجائے ان کی ملازمتوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
حکومت کا مجوزہ کنٹریکٹ تقرری بل 2026 کیا ہے؟
یہ تشویش صرف محکمہ صحت تک محدود نہیں، بلکہ دوسری جانب حکومت بلوچستان مجوزہ کنٹریکٹ تقرری بل 2026 لانے کی کوشش کر رہی ہے۔
بل کے مطابق بلوچستان میں سرکاری بھرتیوں کے اختیارات گریڈ کے لحاظ سے تقسیم کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ ملازمین کی کارکردگی کا جائزہ لینا بھی لازمی ہوگا۔
مجوزہ بل کے تحت کنٹریکٹ ملازمت پر خودکار طور پر مستقلی نہیں ہوگی، جبکہ تقرری اور مدت ملازمت میں توسیع کے لیے سخت شرائط شامل کی گئی ہیں۔
بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی سیکرٹری مجید بادینی نے بل کا مسودہ ایوان میں پیش کیا، جسے مزید بحث اور جائزے کے لیے کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا۔
حکومت کا دعویٰ: موجودہ ملازمین کے حقوق کا تحفظ ہوگا
حکومت کا دعویٰ ہے کہ بل میں موجودہ سرکاری ملازمین کے حقوق کے تحفظ کی شقیں بھی شامل ہیں، جبکہ کنٹریکٹ تقرریوں کے نظام کو بلوچستان سول سرونٹس ایکٹ 1974 اور دیگر متعلقہ قوانین کے تناظر میں منظم کرنے کی تجاویز دی گئی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں یہ خدشہ بھی موجود ہے کہ آئندہ آنے والی حکومت سابقہ حکومت کی جانب سے بھرتی کیے گئے ملازمین کو ملازمت سے فارغ کر سکتی ہے یا ان کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں کرے گی۔