مکہ مکرمہ (پاک ٹوڈے): سعودی عرب میں ہیروئن اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار تین پاکستانی شہریوں کی سزائے موت پر عملدرآمد کردیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق تینوں پاکستانی شہریوں پر مملکت میں منشیات اسمگل کرنے کا الزام ثابت ہونے کے بعد انہیں سکیورٹی اداروں نے گرفتار کیا تھا۔ تحقیقات مکمل ہونے پر مقدمہ مجاز عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں شواہد اور قانونی تقاضوں کا جائزہ لینے کے بعد تینوں ملزمان کو سزائے موت سنائی گئی۔
رپورٹ کے مطابق اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ نے بھی سزاؤں کی توثیق کردی، جس کے بعد عملدرآمد کے لیے شاہی فرمان جاری کیا گیا۔ 24 نومبر 2026 کو مکہ مکرمہ ریجن میں تینوں پاکستانی شہریوں کی سزائے موت پر عملدرآمد کردیا گیا۔
سعودی وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت شہریوں اور مملکت میں مقیم افراد کو منشیات کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔