کوئٹہ (پاک ٹوڈے): بین الاقوامی فلاحی تنظیم ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز (ایم ایس ایف) نے بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں اپنی طبی خدمات آئندہ سال مئی کے اختتام پر بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایم ایس ایف کے جاری کردہ اعلامیے میں خدمات کی بندش کی کوئی خاص وجہ بیان نہیں کی گئی اور نہ ہی اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔
تنظیم چمن کے ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتال میں مختلف طبی سہولتیں فراہم کر رہی تھی، جن میں 24 گھنٹے ڈیلیوری روم، پیچیدہ زچگی کے آپریشن، بچوں اور نوزائیدہ بچوں کے علاج کے یونٹس، مفت ادویات اور کوئٹہ منتقلی کے لیے ایمبولینس سروس شامل ہیں۔
اس کے علاوہ پانچ سال سے کم عمر بچوں میں غذائی قلت کے علاج اور لیشمانیاس کے کنٹرول کے لیے بھی سہولتیں فراہم کی جا رہی تھیں۔
محکمہ صحت کے ایک عہدے دار کے مطابق چمن میں یہ ایمرجنسی سروس 2007 میں قائم کی گئی تھی، جہاں خواتین، بچوں، زخمیوں اور بڑے حادثات کے متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کی جاتی تھی۔ ان سہولتوں سے مقامی آبادی کے علاوہ افغان باشندے بھی مستفید ہو رہے تھے۔
صوبائی محکمہ صحت کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے بتایا کہ خدمات بند ہونے سے تقریباً 280 افراد بے روزگار ہو سکتے ہیں، جبکہ اس منصوبے کا سالانہ بجٹ کروڑوں روپے تھا۔
ایم ایس ایف اس وقت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بھی کام کر رہی ہے، جن میں کچلاک میں ماں اور بچے کی صحت کی سہولتیں، کوئٹہ میں جلدی امراض اور لیشمانیاس کے مراکز اور ڈیرہ مراد جمالی میں علاج کی سہولتیں شامل ہیں۔ تنظیم مشرقی بلوچستان میں بچوں، حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کے لیے غذائی قلت کے علاج کے پروگرام بھی چلا رہی ہے۔
