اسلام آباد (پاک ٹوڈے): چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج ختم کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔
پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 70 ارکانِ قومی اسمبلی اور سینیٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی قیادت اور دونوں اپوزیشن لیڈرز پر اعتماد کا اظہار کیا گیا، جبکہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے کردار کو بھی سراہا گیا۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق، اجلاس میں ایمرجنسی اور گورنر راج کی مذمت کے ساتھ ان اقدامات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں تیار کردہ سفارشات دونوں اپوزیشن لیڈرز کو بھجوا دی گئی ہیں، جن کی منظوری کے بعد انہیں حتمی شکل دی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ 28ویں آئینی ترمیم اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہیں تھی اور نہ ہی اس پر کوئی بحث ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد بازی میں قانون سازی سے مزید بحران پیدا ہو سکتا ہے اور نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ عوام کی مرضی اور قومی اتفاقِ رائے سے ہونا چاہیے۔