پی ٹی آئی لانگ مارچ 4 اکتوبر کو پشاور سے روانہ ہوگا، وزیراعلٰی سہیل آفریدی کا اعلان

پشاور (پاک ٹوڈے): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ 4 اکتوبر کو پشاور سے روانہ ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں تمام معاملات پر مشاورت ہوئی اور کمیٹی نے اتفاق کیا ہے کہ لانگ مارچ 4 اکتوبر کو پشاور سے شروع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جدوجہد آئین کی بحالی کے لیے ہے اور 4 اکتوبر کا لانگ مارچ پرامن ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کسی کی بات نہ سنی جائے تو آئینی حق کے تحت پرامن احتجاج کیا جاسکتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے ارکان اور کارکنان کو گرفتار کیا جا رہا ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سیاسی لوگ ہیں اور سیاسی مقابلہ کریں گے۔

سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت اور دیگر سیاسی قوتوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ خیبرپختونخوا کو پاکستان سے الگ کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران عوامی مینڈیٹ سے نہیں آئے بلکہ مسلط کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ بعض عناصر چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان کشیدگی برقرار رہے، جبکہ ملک کا قرض بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے اور ان کے بقول حکمرانوں کو پاکستان اور عوام کی فکر نہیں۔

 

Related posts

تمپ میں پکنک منانے والے افراد پر مبینہ ڈرون حملہ، 4 افراد جاں بحق

پی ٹی آئی قیادت کی لانگ مارچ اکتوبر تک مؤخر کرنے کی تجویز، محمود اچکزئی کا انکار

پی ٹی آئی دھرنوں سے بھاگ گئی، ہمت ہے تو لانگ مارچ کرے، عطا تارڑ