پی ٹی آئی لانگ مارچ، پنجاب نے وفاق کو 19 ہزار کے بجائے ساڑھے 12 ہزار اہلکار دینے کی منظوری دے دی

لاہور (پاک ٹوڈے): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے پیش نظر وفاق کی جانب سے صوبوں سے پولیس نفری طلب کیے جانے پر پنجاب حکومت نے مطلوبہ 19 ہزار اہلکار فراہم کرنے سے معذرت کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاق نے پنجاب سے تقریباً 20 ہزار پولیس اہلکار طلب کیے تھے، جس پر صوبائی حکومت نے ابتدائی طور پر 19 ہزار اہلکار فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی، تاہم اب پنجاب حکومت نے مطلوبہ نفری فراہم کرنے سے معذرت کرتے ہوئے صرف ساڑھے 12 ہزار اہلکار دینے کی منظوری دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں سکیورٹی کی اپنی ضروریات، بالخصوص اٹک اور مری میں جاری انتظامات کے باعث صوبائی حکومت کے لیے بڑی تعداد میں اہلکار اسلام آباد بھیجنا ممکن نہیں رہا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب سے منظور شدہ ساڑھے 12 ہزار اہلکار بھی تاحال اسلام آباد نہیں پہنچ سکے، جبکہ سندھ سے تقریباً 2 ہزار پولیس اہلکار اور افسران وفاقی دارالحکومت پہنچ چکے ہیں۔

حکام کے مطابق پنجاب حکومت صوبے کی داخلی سکیورٹی کو ترجیح دے رہی ہے، جبکہ وفاقی حکومت لانگ مارچ کے دوران اسلام آباد اور گردونواح میں سکیورٹی انتظامات مکمل کرنے کے لیے صوبوں سے نفری طلب کر رہی ہے۔

Related posts

پی ٹی آئی قیادت کی لانگ مارچ اکتوبر تک مؤخر کرنے کی تجویز، محمود اچکزئی کا انکار

پی ٹی آئی دھرنوں سے بھاگ گئی، ہمت ہے تو لانگ مارچ کرے، عطا تارڑ

دالبندین میں مارے گئے بی ایل اے رکن کا گھر بھی مسمار کر دیا گیا۔