ناگویا (پاک ٹوڈے): ایشین گیمز 2026 میں پاکستان کے لیے اسکواش اور ہاکی میں اہم کامیابیاں سامنے آئی ہیں، جہاں نور زمان اور محمد اشعب عرفان نے مینز سنگلز کے سیمی فائنل میں جگہ بنا کر پاکستان کے لیے کم از کم کانسی کا تمغہ یقینی بنا لیا، جبکہ قومی ہاکی ٹیم نے چین کو 3،0 سے شکست دے کر مسلسل تیسری فتح حاصل کرلی۔
ناگویا کنجو فوتو ایرینا میں مینز سنگلز کے کوارٹر فائنل میں نور زمان نے ہانگ کانگ کے چی ہن ہینری لیونگ کو 3،1 سے شکست دی، جبکہ محمد اشعب عرفان نے بھارت کے ویر چوترانی کو 3،1 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
محمد اشعب عرفان کو ابتدائی گیم میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے اگلے تین گیمز جیت کر میچ اپنے نام کیا۔ دونوں پاکستانی کھلاڑی ہفتے کو سیمی فائنل میں ایکشن میں ہوں گے۔
دوسری جانب ہاکی میں پاکستان نے چین کو 3،0 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی۔ پاکستان کی جانب سے کپتان ابوبکر محمود، حنان شاہد اور سفیان خان نے ایک، ایک گول کیا۔ پاکستان نے اس سے قبل تھائی لینڈ کو 9،0 اور ازبکستان کو 5،1 سے شکست دی تھی۔
تین میچوں میں 9 پوائنٹس کے ساتھ پاکستان پول بی میں دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ ملائیشیا بھی 9 پوائنٹس کے ساتھ بہتر گول فرق کی بنیاد پر پہلے نمبر پر ہے۔ پاکستان کا اگلا میچ ہفتے کو ملائیشیا کے خلاف ہوگا۔