پی ٹی آئی لانگ مارچ، اپوزیشن اتحاد کا حکومت سے مذاکرات کا آپشن برقرار رکھنے کا اعلان

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): اپوزیشن اتحاد نے پاکستان تحریک انصاف کے 4 اکتوبر کو ہونے والے لانگ مارچ کے حوالے سے حکومت کے ساتھ مذاکرات کا آپشن برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد کے اہم اجلاس میں لانگ مارچ کے آئندہ لائحہ عمل، خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق خبروں سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں پی ٹی آئی رہنماؤں نے لانگ مارچ کی حکمت عملی پر گفتگو کی جبکہ گورنر راج اور ایمرجنسی کے ممکنہ نفاذ سے متعلق اطلاعات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ ملک کو سیاسی، معاشی اور امن و امان کے بحران کا سامنا ہے، مسائل کا حل طاقت کے بجائے سیاسی مذاکرات کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اجلاس میں لانگ مارچ کے ساتھ ساتھ گورنر راج اور ایمرجنسی سے متعلق خبروں پر بھی غور کیا گیا۔ ان کے مطابق حکومت کی جانب سے اب تک کوئی باضابطہ رابطہ نہیں کیا گیا۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عوام کی مرضی کے خلاف اقدامات سے وفاق کمزور ہوگا، اپوزیشن اپنے تمام تحفظات حکومتی نمائندوں کے سامنے رکھ چکی ہے اور مذاکرات کے لیے اب بھی تیار ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے درمیان ملاقات کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی۔ محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم کے خط کا جواب دینے کا اعلان کیا، تاہم وزیراعظم آفس یا وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات سے انکار کردیا۔

اپوزیشن اتحاد کی جانب سے کہا گیا کہ 4 اکتوبر کا احتجاج پرامن ہوگا جبکہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بھی کھلے رکھے گئے ہیں۔

Related posts

حکومت نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے مشترکہ کمیٹی قائم کردی

پشاور: لاہوری گیٹ میں پٹرول پمپ کی دکان میں خطرناک آگ بھڑک اٹھی

سہیل آفریدی کی 4 اکتوبر کے لانگ مارچ کے لیے مالی تعاون کی اپیل