باڑہ (پاک ٹوڈے): خیبر کے علاقے باڑہ میں نالہ ملک دین خیل مین روڈ کے کنارے کھڑی موٹر سائیکل میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص اور 16 سالہ لڑکی زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کے وقت سیکیورٹی فورسز کی چیکنگ ڈی بی یو ٹیم قریب موجود تھی، تاہم ٹیم کے اہلکار محفوظ رہے اور انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
دھماکے میں زخمی ہونے والے شخص کی شناخت سحر گل ولد حیات گل، قوم ملک دین خیل کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دوسری زخمی 16 سالہ لڑکی ہے۔ دونوں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے ڈوگرہ اسپتال باڑہ منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں مزید علاج کے لیے پشاور ریفر کر دیا گیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق دونوں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور دھماکے کی نوعیت اور وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔