پی ایس ایل 12 کی کھلاڑیوں کی نیلامی 23 جنوری 2027 کو ہوگی

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے شیڈول اور کھلاڑیوں کے انتخاب کے طریقہ کار کا اعلان کر دیا ہے۔ پی ایس ایل 12 کا آغاز 18 مارچ 2027 کو ہوگا جبکہ ٹورنامنٹ 2 مئی تک جاری رہے گا۔

پی سی بی کے مطابق کھلاڑیوں کی نیلامی 23 جنوری 2027 کو ہوگی، جبکہ فرنچائزز کے لیے کھلاڑیوں کو براہِ راست سائن کرنے کی ونڈو 23 اکتوبر سے 23 نومبر 2026 تک کھلی رہے گی۔ اس دوران ہر فرنچائز ایک مارکی پلیئر کو براہِ راست سائن کر سکے گی، تاہم شرط یہ ہے کہ متعلقہ کھلاڑی نے پی ایس ایل کے گزشتہ دو ایڈیشنز میں سے کسی میں شرکت نہ کی ہو۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں ٹورنامنٹ کی تیاریوں، کھلاڑیوں کی شمولیت اور لیگ کو ملک کے مزید شہروں تک پھیلانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن کا اختتام ریکارڈ تعداد میں شائقین کی موجودگی میں ہوا اور بورڈ اسی کامیابی کو آگے بڑھائے گا۔ ان کے مطابق اس بار لیگ کے میچز پہلی مرتبہ 5 سے 6 مقامات پر کھیلے جانے کا منصوبہ ہے، جبکہ 46 دنوں میں مجموعی طور پر 44 میچز ہوں گے۔

پی سی بی نے یہ بھی اعلان کیا کہ پی ایس ایل کے اسٹیک ہولڈرز کے لیے آئندہ ہفتے کرکٹ ورکشاپ منعقد کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پی ایس ایل سے قبل گولڈ اور سلور کیٹیگریز پر مشتمل نیشنل ٹی 20 کپ بھی کھیلا جائے گا، جس سے مقامی کھلاڑیوں کو تیاری کا موقع ملے گا۔

Related posts

پاکستان نے عرفات منہاس کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے دی

پاکستان کی سری لنکا کو 37 رنز سے شکست، سہ ملکی ون ڈے سیریز کا فاتحانہ آغاز

سلمان علی آغا کی سنچری، پاکستان کے سری لنکا کو 306 رنز کا ہدف