راولپنڈی (پاک ٹوڈے): سہ ملکی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 305 رنز بنائے اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 306 رنز کا ہدف دے دیا۔ پاکستانی ٹیم آخری اوور کی پانچویں گیند پر آل آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 90 گیندوں پر 107 رنز کی سنچری اسکور کی، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 10 چوکے شامل تھے۔
پاکستانی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور صائم ایوب 7 جبکہ فخر زمان 16 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ اس کے بعد بابراعظم نے 45 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 6 چوکے شامل تھے، جبکہ حسن بیگ نے 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 39 رنز اسکور کیے۔
حسن نواز نے بھی مزاحمت کرتے ہوئے 49 گیندوں پر 37 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 2 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ سلمان علی آغا کی سنچری اور دیگر بلے بازوں کی کارکردگی کی بدولت پاکستان 305 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔
واضح رہے کہ سہ ملکی ون ڈے سیریز میں پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جبکہ میچز راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جا رہے ہیں۔