پٹرولیم لیوی ختم نہ ہوئی تو قافلے اسلام آباد پہنچیں گے، جماعت اسلامی

مردان (پاک ٹوڈے): جماعت اسلامی پاکستان نے عوامی مسائل کے حل اور اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے 20 ستمبر سے ملک گیر مارچ شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

مردان کے کالج چوک میں دھرنے اور جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی احتجاج کی خواہاں نہیں، تاہم حکومت نے عوام پر عائد بوجھ کم نہ کیا تو ملک کے مختلف حصوں سے قافلے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوں گے۔

انہوں نے حکومت سے پٹرولیم لیوی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت جماعت اسلامی کا مارچ روکنا چاہتی ہے تو پہلے عوامی مسائل حل کرے۔

حافظ نعیم الرحمن کے مطابق 20 ستمبر کا احتجاج کسی ایک شہر یا مقام تک محدود نہیں ہوگا، کراچی سے ٹرین مارچ کے علاوہ روہڑی، حیدرآباد اور دیگر علاقوں سے بھی کارکن اسلام آباد کی جانب روانہ ہوں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور پاکستان میں عائد اضافی ٹیکسز پر بھی تنقید کی جبکہ ریفائنریز کے کردار اور سود کے خاتمے سے متعلق حکومتی وعدوں پر عملدرآمد نہ ہونے کا معاملہ بھی اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے حکومت کی مذاکرات کی پیشکش قبول کرتے ہوئے اپنا مؤقف اور متبادل تجاویز پیش کی تھیں، تاہم 20 ستمبر سے مارچ کرنے کا فیصلہ برقرار ہے۔

جلسے سے مولانا ڈاکٹر عطاء الرحمن، عبد الواسع اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

Related posts

وکیل امیر اعجاز کی مبینہ گمشدگی، پشاور میں وکلا کا احتجاج، خیبر روڈ ایک گھنٹہ بند

کوہاٹ سانحہ، سہیل آفریدی کا وفاقی پالیسی پر کڑی تنقید، جاں بحق افراد کے خاندانوں اور متاثرہ اداروں کے لیے بڑے اعلانات

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی: پاکستان کی برآمدات میں 1.2 ارب ڈالر کی بڑی کمی، معیشت متاثر