لاہور (پاک ٹوڈے): پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا، جس کے باعث موٹرویز کے مختلف سیکشنز کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے، جبکہ متعدد قومی شاہراہوں پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
شدید دھند کے باعث لاہور اسلام آباد موٹروے ایم ٹو کے مختلف سیکشنز پر ٹریفک معطل ہے، جبکہ ایم ون کو برہان سے پشاور تک بند کردیا گیا ہے۔ اسی طرح ایم تھری فیض پور سے سمندری، ایم فور شورکوٹ سے فیصل آباد اور پنڈی بھٹیاں تک بند ہے۔
اس کے علاوہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 کو بھی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی اور اسموگ کی شدت بھی برقرار ہے۔ صبح 7 بجے ریکارڈ کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گوجرانوالہ میں فضائی آلودگی کے ذرات کی تعداد 667، سرگودھا میں 533، لاہور میں 456، فیصل آباد میں 382 اور مظفر گڑھ میں 306 ریکارڈ کی گئی۔
شدید دھند اور اسموگ کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ موٹرویز کے مختلف سیکشنز کی بندش سے بین الاضلاعی سفر بھی متاثر ہورہا ہے۔