کوئٹہ (پاک ٹوڈے): بلوچستان کے ضلع پشین میں افسوسناک پیش رفت کے نتیجے میں فائرنگ کے ایک واقعے میں 5 مزدور جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ سرانان کے علاقے کلی سلیمان زئی میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح ملزمان نے کام میں مصروف مزدوروں پر خودکار ہتھیاروں سے اچانک اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ سے 5 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک مزدور شدید زخمی ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق متاثرہ افراد کا تعلق پنجاب سے ہے۔ واقعے کے فوری بعد جاں بحق اور زخمی مزدوروں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نے موقع پر پہنچ کر علاقے کی ناکہ بندی کر دی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
