پشاور (پاک ٹوڈے): خیبر ایجنسی کی وادیٔ تیراہ کے گھر بدر ہونے والے متاثرین کی باوقار اور محفوظ اپنے علاقوں کو واپسی اور سرکاری ریکارڈ میں ان کی باقاعدہ رجسٹریشن کے معاملے پر تاریخی قلعہ بالا حصار پشاور میں ایک اہم جرگہ منعقد ہوا ہے۔
جرگے میں متاثرینِ تیراہ کی نمائندگی کرنے والی ۲۴ رکنی قومی کمیٹی نے انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کانسٹیبلری (آئی جی ایف سی)، ڈپٹی کمشنر خیبر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خیبر کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی۔ نشست کے دوران سیکیورٹی حالات کی بہتری کے بعد متاثرین کو درپیش درپیش مسائل، ان کے باضابطہ اندارج، مالی و انتظامی معاونت اور علاقے میں مرحلہ وار بحالی کے طریقہ کار کا گہرائی سے جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق قلعہ بالا حصار میں ہونے والی یہ اہم نشست ۸ ستمبر کو چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کے ساتھ طے شدہ اعلیٰ سطح کے مرکزی جرگے سے قبل کی ابتدائی تیاری کا حصہ تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ۸ ستمبر کو ہونے والے مرکزی اجلاس میں متاثرینِ تیراہ کی گھروں کو واپسی کی حتمی تاریخوں، معاوضے اور بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی سے متعلق پیش رفت پر مبنی حتمی فیصلوں کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
