پشاور (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا بھر سے لیڈی ہیلتھ ورکرز اپنے مطالبات کے حق میں سیکریٹری ہیلتھ آفس کے سامنے جمع ہوگئیں اور سکیل اپ گریڈیشن کیلئے احتجاج کیا۔
لیڈی ہیلتھ ورکرز کا کہنا ہے کہ ان کا بنیادی مطالبہ سکیل میں اضافہ ہے، جو 2022 سے زیر التوا چلا آرہا ہے۔ ان کے مطابق مطالبے پر غور کیلئے متعدد بار کمیٹیاں تشکیل دی گئیں، تاہم عملی طور پر کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔
صوبائی صدر اور جنرل سیکریٹری لیڈی ہیلتھ ورکرز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر مطالبے پر فوری توجہ نہ دی گئی تو صوبے بھر کی ورکرز پولیو مہم سمیت ہیلتھ دفاتر سے بائیکاٹ اور بھرپور احتجاج کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو پیدا ہونے والی صورتحال کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔