اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان نے ٹیکس وصولیوں کا دائرہ وسیع کرنے، سرکاری اخراجات کو کم کرنے اور مالیاتی نظام میں اصلاحات کے لیے عالمی بینک سے مجموعی طور پر 1.7 ارب ڈالر کے کثیرالمراحل قرض پیکیج سے استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عالمی بینک کی دستاویزات کے مطابق پبلک ریسورسز فار انکلوسیو ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت وفاقی حکومت اور چاروں صوبائی حکومتوں کو مرحلہ وار مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ اس پروگرام کے پہلے مرحلے میں 700 ملین ڈالر کی منظوری دی جا چکی ہے، جس میں وفاقی حکومت کے لیے 600 ملین ڈالر جبکہ سندھ حکومت کے لیے 100 ملین ڈالر مختص کیے گئے تھے۔
وفاقی حکومت دسمبر 2025 میں 600 ملین ڈالر کا قرض حاصل کر چکی ہے۔ عالمی بینک کی جائزہ رپورٹس میں پروگرام پر عمل درآمد کی رفتار کو درمیانے درجے کا تسلی بخش قرار دیا گیا ہے، تاہم بعد کی رپورٹ میں پیش رفت میں بہتری کا بھی ذکر کیا گیا۔
دستاویزات کے مطابق یہ قرض 14 مئی 2026 کو مؤثر ہوا، جبکہ 29 جون 2026 کو 164.5 ملین ڈالر کی پیشگی رقم جاری کی گئی۔
پروگرام کے اگلے مرحلے میں خیبرپختونخوا حکومت کے لیے 200 ملین ڈالر کے قرض کی منظوری دی جا رہی ہے، جبکہ تیسرے اور چوتھے مراحل میں بلوچستان اور پنجاب کو بھی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
عالمی بینک کے اس پروگرام کے تین بنیادی مقاصد ہیں، جن میں ٹیکس محصولات میں اضافہ، سرکاری اخراجات کی ترجیحات اور کارکردگی بہتر بنانا اور مالیاتی و عوامی خدمات سے متعلق اعدادوشمار کے نظام کو مضبوط کرنا شامل ہیں۔
قرض پیکیج کی اہم شرائط میں زرعی آمدن پر مؤثر ٹیکس عائد کرنا، جائیدادوں سے ٹیکس وصولی بہتر بنانا، زمینوں کے ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرنا اور جائیدادوں کی قیمتوں کے تعین کے لیے یکساں بنیادیں مقرر کرنا شامل ہیں۔