راولپنڈی (پاک ٹوڈے): پاکستان نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنا لیے اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 216 رنز کا ہدف دے دیا۔
پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ وہ سنچری مکمل کرنے سے صرف 4 رنز قبل آؤٹ ہوئے۔
قومی ٹیم کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے بھی عمدہ کھیل پیش کیا اور 44 گیندوں پر 73 رنز بنائے، جس میں 4 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ فخر زمان نے 22 رنز بنائے، جبکہ حسن نواز 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے مہیش تھیکشانا، اشان ملنگا اور داسون شاناکا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اب سری لنکا کو میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے 20 اوورز میں 216 رنز بنانا ہوں گے۔
