ایپوہ (پاک ٹوڈے): سلطان اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 گول سے شکست دے دی۔ ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے آخری لمحات میں جنوبی کوریا کے دباؤ کا مقابلہ کرتے ہوئے اہم کامیابی حاصل کی۔ یہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی چار میچوں میں تیسری فتح ہے، جس کے بعد اس کے پوائنٹس کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔
پاکستان نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور پانچویں منٹ میں رانا وحید اشرف نے فیلڈ گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی۔ قومی ٹیم نے حریف پر دباؤ برقرار رکھا اور 23ویں منٹ میں حنان شاہد نے دوسرا گول کرکے پاکستان کی برتری 0-2 کردی۔ پہلے ہاف کے اختتام تک پاکستان کو دو گول کی برتری حاصل تھی۔
تیسرے کوارٹر میں جنوبی کوریا نے واپسی کی کوشش کی اور 35ویں منٹ میں چون سیمِن نے گول کرکے مقابلہ 1-2 کردیا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، تاہم پاکستان نے اپنی برتری برقرار رکھی۔
میچ کے 53ویں منٹ میں حنان شاہد نے ایک اور فیلڈ گول اسکور کرکے پاکستان کی برتری 1-3 کردی۔ یہ ان کا میچ میں دوسرا گول تھا۔ تاہم اگلے ہی منٹ میں پاکستانی کھلاڑی سفیان خان کو یلو کارڈ دکھایا گیا، جس کے باعث قومی ٹیم کو آخری لمحات میں ایک کھلاڑی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔
جنوبی کوریا نے میچ کے آخری منٹ میں پنالٹی کارنر پر لی من ہیوک کے ذریعے دوسرا گول اسکور کرکے مقابلہ 2-3 کردیا، لیکن پاکستانی کھلاڑیوں نے حریف کو مزید گول کرنے کا موقع نہیں دیا اور کامیابی اپنے نام کرلی۔
اس فتح کے ساتھ پاکستان نے چار میچوں میں 9 پوائنٹس حاصل کرلیے ہیں اور فائنل کی دوڑ میں شامل ہے۔ قومی ٹیم نے اس سے قبل کینیڈا اور امریکا کو شکست دی تھی، تاہم آسٹریلیا کے خلاف اسے 2-5 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستان اب 26 نومبر کو اپنے آخری گروپ میچ میں میزبان ملائیشیا کے خلاف میدان میں اترے گا۔ فائنل تک رسائی کے لیے یہ مقابلہ اہم ہوگا، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 28 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
