اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان میں ہونے والے ہوم کرکٹ میچز کے نشریاتی حقوق پاکستان ٹیلی ویژن نے 35 کروڑ روپے میں حاصل کر لیے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے نشریاتی حقوق کے لیے کم از کم بولی 60 کروڑ روپے مقرر کی تھی، تاہم پی ٹی وی نے 25 میچز پر مشتمل پیکیج کے لیے 35 کروڑ روپے کی واحد کامیاب بولی جمع کرائی۔
معاہدے میں 5 ٹیسٹ، 14 ون ڈے اور 6 ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں۔ رپورٹس کے مطابق تین بڑے براڈکاسٹرز کے پی سی بی کے ذمے واجبات باقی ہیں، تاہم انہیں بولی کے عمل میں حصہ لینے سے نہیں روکا گیا تھا۔
رپورٹس میں قومی ٹیم کی حالیہ کارکردگی اور بعض میچز میں شائقین کی محدود دلچسپی کو بھی نشریاتی حقوق کے لیے کم مقابلے کی وجوہات میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کے آئندہ ہوم شیڈول میں سری لنکا، انگلینڈ، آئرلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف متعدد ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں۔
