اسلام الدین ساجد
اسلام آباد (پاک ٹوڈے) پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن، استحکام اور معاشی روابط کا خواہاں ہے، تاہم افغان سرزمین کو پاکستان سمیت کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔
اسلام آباد میں منگل کے روز مارگلہ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ افغانستان سے جنم لینے والی دہشت گردی پاکستان کے لیے ایک سنگین سکیورٹی چیلنج ہے اور پاکستان اپنے عوام کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن، مستحکم اور معاشی طور پر مربوط افغانستان کی حمایت کرتا ہے، لیکن اس مقصد کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ افغان سرزمین دوسرے ممالک، بالخصوص پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔
امریکا، ایران اور مشرق وسطیٰ میں پاکستان کی سفارتی کوششیں
اسحاق ڈار نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے رواں سال اپریل میں اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں سہولت کاری کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد 18 جون کو استنبول میں طے پانے والی مفاہمت بھی مزید سفارتی اقدامات اور مذاکرات کے لیے ایک اہم بنیاد فراہم کرتی ہے۔
وزیر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دفتر خارجہ ان سفارتی کوششوں میں مسلسل مصروف رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے چین کے ساتھ مل کر 31 مارچ 2026 کو بیجنگ میں خلیج اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے پانچ نکاتی اقدام بھی پیش کیا تھا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اس اقدام میں سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل کے ساتھ سمندری راستوں پر آزادانہ آمدورفت یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے، تاکہ جہازوں کی نقل و حرکت پر کسی قسم کا ٹول، اجازت نامہ یا فیس عائد نہ ہو۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان سعودی عرب، قطر، ترکیہ اور مصر کے ساتھ بھی رابطے میں ہے اور ان ممالک کے ساتھ علاقائی چار فریقی فریم ورک (R4) کے تحت سفارتی مشاورت جاری ہے۔ ان کے مطابق 23 اکتوبر کو برطانیہ، فرانس، جرمنی اور اٹلی پر مشتمل یورپی گروپ E4 کی خواہش پر R4 کا مشترکہ اجلاس بھی منعقد ہوا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے کے ممالک اور تنازع میں شامل فریقین کے ساتھ رابطے جاری رکھے گا تاکہ مذاکرات کی بحالی اور فریقین کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ شدید کشیدگی کے باوجود رابطوں کے دروازے بند نہیں ہونے چاہئیں کیونکہ مذاکراتی راستے بند کرنے سے آئندہ بحرانوں کا حل مزید مشکل ہو جاتا ہے۔
بھارت کے ساتھ کشیدگی اور سندھ طاس معاہدہ
جنوبی ایشیا کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ خطے میں حل طلب تنازعات، فوجی عدم توازن اور یکطرفہ اقدامات اسٹریٹجک استحکام کو متاثر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مئی 2025 میں بھارت کی بلااشتعال جارحیت کا آپریشن بنیان المرصوص کے ذریعے فیصلہ کن جواب دیا تھا۔
انہوں نے پاکستانی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کا دفاع کرنے کی صلاحیت اور عزم رکھتا ہے، تاہم وہ امن کے لیے بھی اتنا ہی پرعزم ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے جموں و کشمیر کے تنازع کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس تنازع کو حل کیے بغیر خطے میں بداعتمادی برقرار رہے گی اور بار بار بحران پیدا ہونے کا خطرہ موجود رہے گا۔
اسحاق ڈار نے سندھ طاس معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس معاہدے کے تحت اپنے جائز حقوق کا بھرپور تحفظ کرے گا اور پانی کو سیاسی یا اسٹریٹجک دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں افراد کا انحصار مشترکہ آبی وسائل پر ہے اور معاہدوں کی پاسداری انسانی سلامتی اور ریاستوں کے درمیان اعتماد کے لیے ضروری ہے۔
غزہ اور فلسطین میں انسانی بحران پر تشویش پاکستانی وزیر خارجہ نے فلسطین کی صورت حال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں انسانی مصائب، مسلسل قبضے اور غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی توسیع اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں اور جواب دہی کے فقدان کی انسانی قیمت کتنی زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسے عالمی نظام کا حامی ہے جو اقوام متحدہ کے چارٹر، ریاستوں کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور تنازعات کے پرامن حل کے اصولوں پر قائم ہو۔
اسحاق ڈار کے مطابق طاقت کے استعمال کو قانون پر فوقیت دینے کا رجحان بڑھ رہا ہے، جس سے عالمی امن اور استحکام کو خطرات لاحق ہیں۔
چین، امریکا اور دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایک منقسم دنیا میں مختلف ممالک کے ساتھ تعاون اور مشترکہ مفادات کے فروغ کے لیے اپنی سفارتی گنجائش برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
انہوں نے چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون قرار دیا اور کہا کہ امریکا کے ساتھ بھی تعمیری روابط جاری ہیں۔
ان کے مطابق پاکستان سعودی عرب، ترکیہ، مصر، ایران، خلیجی ممالک، یورپ اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ بھی تعاون بڑھا رہا ہے۔
انہوں نے سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دفاعی نوعیت کا معاہدہ ہے، جو کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ اجتماعی سلامتی اور علاقائی استحکام کے لیے ہے۔
معاشی سفارت کاری پاکستان کی ترجیح
وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی غیر یقینی صورت حال کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کو اندرونی طور پر مضبوط معیشت اور جدید ٹیکنالوجی کی صلاحیت پیدا کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ معاشی سفارت کاری ان کی وزارت کی ترجیحات میں شامل ہے اور پاکستان عالمی شراکت داروں کے ساتھ پاکستانی مصنوعات کے لیے نئی منڈیاں تلاش کرنے، سرمایہ کاری لانے اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے کام کر رہا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ان کوششوں کا مقصد کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔
انہوں نے ترقی پذیر ممالک کے لیے عالمی مالیاتی وسائل، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں معاونت اور جدید ٹیکنالوجی تک مساوی رسائی کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ عالمی نظام میں ترقی پذیر ممالک کو بھی ترقی کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔
