اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وزیراعظم شہباز شریف نے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کو ٹیلیفون کرکے جماعت اسلامی کا لانگ مارچ مؤخر کرنے کی درخواست کردی۔
ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق وزیراعظم کا فون حافظ نعیم الرحمان کے ملتان پہنچنے پر موصول ہوا۔ وزیراعظم نے درخواست کی کہ ان کی پاکستان واپسی تک لانگ مارچ مؤخر کردیا جائے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ پاکستان واپسی پر جماعت اسلامی کے ساتھ پٹرولیم لیوی کے معاملے پر نتیجہ خیز بات چیت کے لیے تیار ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم کو بتایا کہ جماعت اسلامی حکومت کے ساتھ تصادم یا امن و امان کا مسئلہ پیدا نہیں کرنا چاہتی، تاہم وہ عوام کے حق کے لیے احتجاج کر رہے ہیں اور حکومت کو اس حق کو تسلیم کرنا ہوگا۔
ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق وزیراعظم کی احتجاج مؤخر کرنے کی درخواست پر شوریٰ سے مشاورت کے بعد ردعمل دیا جائے گا۔ جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ اگر حکومت کی درخواست پر مارچ مؤخر بھی کیا گیا تو احتجاج کے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی کا سپر ٹرین لانگ مارچ کراچی سے روانہ ہوکر ملتان پہنچ چکا ہے، جبکہ آج ٹرین کے ذریعے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اگلا مرحلہ شروع ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔ حافظ نعیم الرحمان کے مطابق خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ سے بھی قافلے اسلام آباد پہنچیں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ چکے ہیں۔
