نیویارک (پاک ٹوڈے): وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے مختصر وفد کے ہمراہ نیویارک پہنچ گئے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں، جبکہ اسحاق ڈار پہلے ہی نیویارک پہنچ چکے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، جس میں وہ بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی سلامتی کی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
وزیراعظم اپنے خطاب میں تنازعات کے حل کے لیے مکالمے، سفارت کاری اور پرامن ذرائع کی اہمیت پر زور دیں گے، جبکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کی کوششوں کو بھی اجاگر کریں گے۔
شہباز شریف پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی کے خلاف جنگ، اسلاموفوبیا اور عالمی اقتصادی چیلنجز سمیت دیگر اہم عالمی معاملات پر پاکستان کی ترجیحات بھی بیان کریں گے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اپنے دورے کے دوران اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں اور مختلف اجلاسوں میں شرکت کریں گے، جہاں وہ پاکستان سے متعلق اہم علاقائی اور عالمی امور پر ملک کا مؤقف پیش کریں گے۔
