جنوبی وزیرستان لوئر (پاک ٹوڈے): سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا کے مختلف علاقوں میں آج 22 ستمبر کو صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، جبکہ ضلع ٹانک میں صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔
حکام کے مطابق دونوں اضلاع میں سیکیورٹی خدشات اور سیکیورٹی فورسز کو لاجسٹک سامان کی ترسیل کے پیش نظر یہ پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
وانا میں رستم بازار، وانا بائی پاس، تیارزہ گیٹ، کرب کوٹ، تنائی، عزیز آباد چوک سے درگئی پل تک جبکہ تنائی، گل کچ اور توئی خلہ کے راستے بند رہیں گے۔ رستم بازار کی تقریباً 9 ہزار دکانیں بھی بند رہیں گی۔
ضلع ٹانک میں رنوال بازار، ڈبرہ منڈی، ڈبرہ سے ٹانک بائی پاس، بولٹن آباد، گرا پتھر، گرا حیات، بائی پاس، رنوال اور منجھی خیل سے بھگوال تک تمام راستے بند رہیں گے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں علاقوں میں صرف ہنگامی صورت میں پولیس یا سیکیورٹی فورسز کی اجازت، شناختی کارڈ اور ضروری دستاویزات کے ساتھ سفر کیا جاسکے گا۔ سیکیورٹی فورسز کی موجودگی میں گاڑی 50 میٹر پہلے روکنے اور تمام افراد کو گاڑی سے اترنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ داری متعلقہ فرد پر عائد ہوگی۔
