کوئٹہ (پاک ٹوڈے): بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پانچ نامعلوم افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، تاہم تاحال ان کی شناخت اور موت کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔
مقامی افراد کے مطابق مستونگ کے ایک علاقے میں ہفتے کی صبح پانچ افراد کی لاشیں ملیں، جس کے بعد متعلقہ حکام کو اطلاع دی گئی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال جاں بحق افراد کی شناخت اور ان کی موت کے محرکات کے بارے میں حتمی معلومات سامنے نہیں آئیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق مستونگ اور گردونواح میں شدت پسندوں کے خلاف وقتاً فوقتاً سیکیورٹی کارروائیاں بھی جاری رہتی ہیں، تاہم برآمد ہونے والی لاشوں کا ان کارروائیوں سے براہِ راست تعلق ثابت نہیں ہوا۔
دوسری جانب ہفتے کے روز چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دیگر اعلیٰ عسکری حکام کے ہمراہ بلوچستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صوبے کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں وقتا فوقتا لاپتہ افراد کی لاشیں برامد ہوتی ہیں، جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں اور بلوچ قوم پرستوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جاتا ہے۔
