تل ابیب (پاک ٹوڈے) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے نئی حکومت کی تشکیل کے لیے ایک غیر معمولی سیاسی حکمت عملی تیار کر لی ہے، جس کے تحت وہ یاشر پارٹی کے سربراہ گادی آئزن کوٹ کو باری باری وزارت عظمیٰ سنبھالنے کی پیشکش کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیتن یاہو کے قریبی حلقوں میں اس تجویز پر مختلف آراء پائی جاتی ہیں۔ امکان ہے کہ یہ پیشکش غیر رسمی ذرائع کے ذریعے گادی آئزن کوٹ تک پہنچائی جائے تاکہ لیکوڈ پارٹی بظاہر اس معاملے سے لاتعلقی ظاہر کر سکے۔
رپورٹس کے مطابق گادی آئزن کوٹ نیتن یاہو کی پیشکش پر شکوک و شبہات رکھتے ہیں اور 6 دسمبر کو حکومت سازی کی مقررہ مدت ختم ہونے سے پہلے نئی حکومت تشکیل دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیل بیتینو پارٹی کے سربراہ اویگدور لیبرمین نے خبردار کیا ہے کہ وزارت عظمیٰ باری باری سنبھالنے کی پیشکش نئی حکومت کی تشکیل روکنے اور دوبارہ انتخابات کی راہ ہموار کرنے کی حکمت عملی ہو سکتی ہے۔
گادی آئزن کوٹ نے اپنے اتحادی رہنماؤں یائر گولان اور اویگدور لیبرمین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی منظوری کے بغیر لیکوڈ پارٹی کے ساتھ قومی اتحاد کی حکومت تشکیل نہیں دی جائے گی۔ دونوں رہنما نیتن یاہو کی قیادت میں کسی حکومت میں شامل ہونے کی مخالفت کر چکے ہیں۔