پشاور (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے علاقے نظام پور میں نامعلوم مسلح افراد نے تین پولیس اہلکاروں کو اغوا کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اہلکار گزشتہ روز معمول کی ڈیوٹی پر تھے کہ انہیں اسلحہ کے زور پر اغوا کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اغوا کے بعد سے مقامی عمائدین اور جرگہ ممبران نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے رابطہ کیا ہے اور اہلکاروں کی بحفاظت رہائی کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔ پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے بھی علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر رکھا ہے۔
نظام پور کا پہاڑی اور جنگلاتی علاقہ ماضی میں بھی سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور اغوا کے واقعات کے باعث حساس سمجھا جاتا رہا ہے۔ گزشتہ دنوں بھی پولیو ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے اور جلد اہلکاروں کی رہائی متوقع ہے، تاہم سرکاری طور پر تاحال کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔