کراچی (پاک ٹوڈے): سندھ حکومت نے پاکستان پولیس سروس (پی ایس پی) کے پانچ افسران کو بلوچستان منتقل نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو باضابطہ خط ارسال کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے وفاق کو آگاہ کیا ہے کہ بلوچستان تبادلے کے لیے نامزد کیے گئے پانچوں افسران اس وقت سندھ کے مختلف اضلاع میں بطور سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) خدمات انجام دے رہے ہیں اور صوبائی حکومت ان کی خدمات سندھ ہی میں برقرار رکھنا چاہتی ہے۔
تبادلے کے فیصلے سے متاثر ہونے والے افسران میں ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ، ایس ایس پی جامشورو ظفر صدیق، ایس ایس پی سکھر احمد فیصل، ایس ایس پی مٹیاری عبدالعلیم بلو اور ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان حسیب میمن شامل ہیں۔
سندھ حکومت کے خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مذکورہ افسران کے تبادلے صوبائی حکومت سے مشاورت کے بغیر کیے گئے، جو سول سروس رولز 1954 اور سندھ رولز آف بزنس کے منافی ہیں۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر پانچوں افسران کو ان کے موجودہ عہدوں سے ریلیو کرنے کا عمل روک دیا گیا ہے اور صوبائی حکومت ان کی خدمات سندھ میں ہی برقرار رکھنے کی خواہاں ہے۔
وفاقی حکومت اور سندھ حکومت کے درمیان افسران کے تبادلوں کے معاملے پر یہ پیش رفت انتظامی اختیارات اور صوبائی مشاورت کے حوالے سے اہمیت اختیار کرگئی ہے۔