کراچی (پاک ٹوڈے): انسداد دہشت گردی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت اور شعیب شوٹر سمیت 7 پولیس اہلکاروں کو عدم شواہد کی بنیاد پر بری کردیا۔
عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران دیگر بری ہونے والے ملزمان میں گدا حسین، صداقت حسین، ریاض احمد، راجا شمیم اور محسن عباس شامل ہیں۔
ملزمان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ گرفتار پولیس اہلکاروں کے خلاف کسی گواہ نے یہ بیان نہیں دیا کہ نقیب اللہ کی ہلاکت جعلی پولیس مقابلے میں ہوئی تھی۔
سرکاری وکیل کے مطابق سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت کیس میں نامزد 18 پولیس افسران اور اہلکار پہلے ہی بری ہوچکے ہیں، جبکہ سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت سمیت 7 پولیس افسران و اہلکار مفرور تھے، جنہوں نے عدالت کے فیصلے کے بعد خود کو قانون کے حوالے کیا تھا۔
یاد رہے کہ نقیب اللہ کو جنوری 2018 میں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کیا گیا تھا۔ کیس میں مجموعی طور پر 25 ملزمان نامزد تھے اور عدالت کی جانب سے اب تمام ملزمان کو بری کیا جاچکا ہے۔