تہران (پاک ٹوڈے): ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فورسز نے بحرین میں امریکی فوج کے زیرِ استعمال ریڈار سسٹم کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائی ایرانی فضائی حدود کی مسلسل خلاف ورزیوں کے ردعمل میں کی گئی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی ویب سائٹ سپاہ نیوز پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی جنگی ڈرونز نے بحرین کے شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر نصب امریکی فوج کے زیرِ استعمال ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا۔
ایرانی فورسز نے اس کارروائی کو درست نشانہ لگانے والا آپریشن قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ امریکی فوجی ڈرونز کی جانب سے ایرانی فضائی حدود کی بار بار خلاف ورزیوں کے جواب میں یہ حملہ کیا گیا۔
تاہم ایرانی بیان میں ریڈار سسٹم کو پہنچنے والے نقصان، اس کی فعالیت متاثر ہونے یا کسی ممکنہ جانی و مالی نقصان سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ دوسری جانب بحرین اور امریکی حکام کی جانب سے بھی اس حملے کے حوالے سے تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔
یہ دعویٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان فوجی کشیدگی برقرار ہے اور خلیجی خطے میں امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات کی سکیورٹی اہمیت اختیار کرچکی ہے۔