نئے صوبوں کے قیام سے صدارتی نظام تک، پاکستان میں سیاسی بحث کا نیا رخ

اسلام الدین ساجد| اسلام آباد

اسلام آباد (پاک ٹوڈے) پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث نے ملک میں پارلیمانی نظام کے مستقبل اور صدارتی نظام متعارف کرانے کے حوالے سے ایک نئی سیاسی بحث چھیڑ دی ہے۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے پاکستان کو انتظامی بنیادوں پر 12 صوبوں میں تقسیم کرنے کی تجویز کی حمایت کے بعد وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے صدارتی اور پارلیمانی نظام کے درمیان بحث کو بھی اہم قرار دیا ہے۔

رانا ثناء اللہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں صحافی محمد مالک سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں صدارتی نظام بہتر ہے یا پارلیمانی، اس حوالے سے بحث پہلے سے موجود ہے۔ تاہم ان کے مطابق نئے صوبوں کی تعداد اور مجوزہ انتظامی ڈھانچے کو دیکھے بغیر اس معاملے پر کوئی حتمی رائے قائم نہیں کی جاسکتی۔

محمد مالک نے سوال کیا کہ کیا چھوٹے صوبوں پر مشتمل نظام اسی صورت میں کامیاب ہوسکتا ہے جب ملک میں صدارتی نظام نافذ ہو، بصورت دیگر کیا پارلیمانی نظام میں ایسا ممکن نہیں؟

اس پر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ چند روز پہلے ملک میں 32 صوبے بنانے کی بات ہورہی تھی، پھر یہ تعداد 20 اور اب 12 صوبوں تک پہنچ گئی ہے۔ ان کے بقول اگر تجویز 32 صوبے بنانے کی ہو تو ان کے انتظامی اور مالی معاملات پر سنجیدہ سوالات پیدا ہوتے ہیں۔ اس لیے یہ بحث بھی موجود ہے کہ ایسی صورت میں صدارتی یا پارلیمانی نظام میں سے کون سا نظام بہتر ہوگا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر اس منصوبے کی ملکیت کس کے پاس ہے اور اب تک کوئی شخص یا سیاسی جماعت باقاعدہ تجویز اور منصوبہ لے کر سامنے کیوں نہیں آئی؟

گفتگو کے دوران محمد مالک نے اشارہ دیا کہ اس منصوبے کی پشت پناہی اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے ہوسکتی ہے، تاہم رانا ثناء اللہ نے اس سوال کا براہ راست کوئی جواب نہیں دیا۔

انہوں نے اس امکان کو بھی مسترد کیا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر سیاسی جماعتیں کسی ایک صفحے پر آجائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر باقاعدہ بحث ہوگی اور نئے صوبوں کی تجویز پیش کرنے والے فریق ہمارے ساتھ بیٹھیں گے تو وہ ہمیں قائل کرنے کی کوشش کریں گے یا ہم انہیں قائل کریں گے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ پاکستان کے مستقبل کا معاملہ ہے اور اس پر فیصلہ کسی غیر رسمی فورم کے بجائے پارلیمنٹ میں ہونا چاہیے۔

انہوں نے 32 صوبے بنانے کی تجویز پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہر صوبے کے لیے الگ اسمبلی، کابینہ، گورنر اور انتظامی ڈھانچہ قائم کرنا انتہائی مشکل ہوگا۔ ان کے مطابق پاکستان کے موجودہ معاشی حالات میں اتنے بڑے انتظامی ڈھانچے کے اخراجات برداشت کرنا آسان نہیں ہوگا۔

18ویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کا معاملہ

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے 18ویں آئینی ترمیم اور قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ سے جڑے اختیارات اور وسائل کی تقسیم کے معاملات کی طرف بھی اشارہ کیا۔

ان کے مطابق 18ویں ترمیم کے بعد وفاقی حکومت کے اختیارات کم ہوئے جبکہ صوبے زیادہ بااختیار ہوگئے، لیکن اس کے باوجود اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی نہیں ہوسکی۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ صوبے بھی اپنے اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہیں کررہے اور اس حوالے سے ایک خلا موجود ہے جسے اب ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ اس معاملے پر جلد کوئی فیصلہ سامنے آسکتا ہے۔

پاکستان میں پیپلز پارٹی اور قوم پرست جماعتیں 18ویں آئینی ترمیم میں کسی بھی تبدیلی اور صوبوں کو منتقل کیے گئے اختیارات واپس مرکز کو دینے کی سخت مخالفت کرتی رہی ہیں۔ دوسری جانب سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق ملک کے طاقتور حلقوں میں یہ سوچ موجود ہے کہ وفاقی حکومت کے مالی اور انتظامی اختیارات میں اضافہ کیا جائے اور مرکز کو مزید بااختیار بنایا جائے۔ اس معاملے پر کسی بھی پیش رفت کی صورت میں سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات بڑھنے اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے تعلقات پر اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔

صدارتی نظام سے کن سیاسی جماعتوں کو فائدہ ہوسکتا ہے؟

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان میں صدارتی نظام کی بحث محض حکومتی ڈھانچے کی تبدیلی تک محدود نہیں بلکہ اس کے ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کے انتخابی مفادات پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
ان کے خیال میں مسلم لیگ (ن) کی سیاسی طاقت زیادہ تر پنجاب میں مرکوز ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ میں مضبوط انتخابی حیثیت رکھتی ہے۔ اس کے برعکس پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو ملک کے مختلف حصوں میں مقبولیت حاصل ہے، اس لیے براہ راست قومی انتخاب کے ذریعے صدر منتخب کرنے کا نظام سیاسی جماعتوں کے موجودہ طاقت کے توازن کو تبدیل کرسکتا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہی وجہ ہے کہ بعض سیاسی حلقوں میں صدارتی نظام کے حوالے سے تحفظات پائے جاتے ہیں، کیونکہ اس سے موجودہ پارلیمانی سیاست، جماعتی طاقت اور اقتدار کی تقسیم کا پورا ڈھانچہ تبدیل ہوسکتا ہے۔

تاہم نئے صوبوں کی تعداد بڑھانے کے حوالے سے رانا ثناء اللہ کا اٹھایا گیا سوال بھی اہمیت رکھتا ہے کہ کیا پاکستان کی معیشت اتنے بڑے انتظامی ڈھانچے کا بوجھ اٹھانے کی متحمل ہوسکتی ہے؟

کیا پاکستان پارلیمانی نظام سے صدارتی نظام کی طرف جاسکتا ہے؟

پاکستان میں صدارتی نظام کی بحث نئی نہیں ہے۔ 1973 کے آئین کی تشکیل کے وقت بھی اس نوعیت کے مباحث سامنے آئے تھے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو بھی 1973 میں صدارتی نظام کے حامی ہوسکتے تھے، تاہم جب ملک کی اہم سیاسی قیادت ایک جگہ جمع ہوئی تو بالآخر 1973 کے آئین پر اتفاق ہوگیا۔

دنیا کے مختلف ممالک میں پارلیمانی اور صدارتی نظام رائج ہیں۔ صدارتی نظام میں صدر عموماً براہ راست یا انتخابی طریقہ کار کے ذریعے منتخب ہوتا ہے اور حکومت کی انتظامی سربراہی کرتا ہے، جبکہ پارلیمنٹ کا بنیادی کردار قانون سازی اور حکومت کی نگرانی ہوتا ہے۔ تاہم اختیارات کی تقسیم اور پارلیمنٹ کے کردار کی نوعیت ہر ملک کے آئین کے مطابق مختلف ہوتی ہے۔

صدارتی نظام کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ اس سے قومی سطح پر براہ راست منتخب قیادت سامنے آسکتی ہے اور فیصلہ سازی کا عمل زیادہ مؤثر ہوسکتا ہے۔ بعض ناقدین کو خدشہ ہے کہ اس نظام میں اختیارات ایک فرد کے ہاتھ میں زیادہ مرتکز ہوسکتے ہیں اور سیاسی اداروں کے درمیان توازن متاثر ہوسکتا ہے۔

پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام، 18ویں ترمیم، این ایف سی ایوارڈ اور اختیارات کی تقسیم پر جاری بحث کے درمیان رانا ثناء اللہ کے حالیہ بیان نے ایک اہم سوال کھڑا کردیا ہے: کیا ملک کے انتظامی مسائل کا حل مزید صوبے بنانے میں ہے یا موجودہ پارلیمانی نظام میں بنیادی تبدیلی لانے میں؟

فی الحال کسی سیاسی جماعت کی جانب سے رانا ثناء اللہ کی صدارتی نظام سے متعلق گفتگو پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم سوشل میڈیا پر ان کے ویڈیو کلپس گردش کررہے ہیں اور اس معاملے پر بحث شروع ہوچکی ہے۔

Related posts

کوہاٹ میں پولیس پارٹی پر مسلح افراد کا حملہ، 10 اہلکار مارے گئے

ایران نے ارجنٹائن کی بحریہ اور فضائیہ کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دے دیا

ایران امریکا تنازع کے اثرات، خلیجی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں 32 فیصد کمی