نئے صوبوں پر ریفرنڈم کی تجویز، پاکستان میں نئی سیاسی صف بندی کے امکانات؛ محسن نقوی کے بیانات نے بحث کو نیا رخ دے دیا

اسلام الدین ساجد

اسلام اباد (پاک ٹوڈے)  پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی بحث ایک مرتبہ پھر شدت اختیار کر گئی ہے اور اب یہ معاملہ محض سیاسی بیانات اور ٹیلی ویژن مباحثوں تک محدود نہیں رہا بلکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے عوامی ریفرنڈم کی تجویز نے اسے ایک نئے سیاسی مرحلے میں داخل کر دیا ہے۔

گزشتہ چند ہفتوں سے پاکستانی میڈیا میں نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں سامنے آ رہی ہیں۔ صحافیوں اور سیاسی تجزیہ کاروں کے بعد اب حکومتی وزراء اور سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی اس معاملے پر کھل کر اپنی رائے دے رہے ہیں۔

تاہم ابھی تک حکومت کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام کا کوئی باضابطہ منصوبہ، مجوزہ نقشہ یا ٹائم فریم سامنے نہیں آیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ حکومتی وزراء کے درمیان بھی اس معاملے پر اتفاق رائے دکھائی نہیں دیتا۔ بعض رہنما نئے صوبوں کو بہتر انتظامی نظام کے لیے ضروری قرار دے رہے ہیں، جبکہ دوسرے اس کے مالی اخراجات، انتظامی پیچیدگیوں اور سیاسی نتائج پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔

دفاع کے وزیر خواجہ آصف اس سے پہلے پاکستان میں انتظامی بنیادوں پر 12 صوبے بنانے کی تجویز کی حمایت کرچکے ہیں ۔ ان کا مؤقف ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور انتظامی ضروریات کے پیش نظر چھوٹے صوبے بہتر حکمرانی اور عوامی خدمات کی فراہمی میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ دوسری جانب حکومتی اتحادی جماعت  پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی تقسیم یا نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کرتی رہی ہے۔

محسن نقوی کے تین اہم سیاسی اشارے

اس بحث میں تازہ پیش رفت جمعرات کو لاہور میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی پریس کانفرنس کے دوران سامنے آئی، جہاں انہوں نے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر ریفرنڈم کرانے کی تجویز پیش کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں جمہوریت اور عوام کی بالادستی کی بات کرتی ہیں، اس لیے بہتر ہوگا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر عوام سے براہ راست رائے لی جائے۔

ان کے مطابق مختلف سروے رپورٹس میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت سامنے آ رہی ہے۔ اگر ریفرنڈم میں عوام نئے صوبوں کے حق میں فیصلہ دیتے ہیں تو اس پر عمل ہونا چاہیے، اور اگر عوام مخالفت کرتے ہیں تو وہ بھی اس فیصلے کی حمایت کریں گے۔

محسن نقوی کا یہ بیان اس لیے اہم سمجھا جا رہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) دونوں وفاقی حکومت کے اہم سیاسی شراکت دار ہیں اور نئے صوبوں کے معاملے پر ان کے تحفظات کسی بھی آئینی پیش رفت کو پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔

دوسرا اہم اشارہ کرپشن کے حوالے سے تھا۔ صحافیوں نے ان سے پنجاب میں کرپشن کے الزامات کے بارے میں سوال کیا، جو مسلم لیگ (ق) کے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے بیان کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور مسلم لیگ (ق) کے درمیان سیاسی تنازعے کا سبب بنا ہے۔

مریم نواز نے گزشتہ روز  اس معاملے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اپنی حکومت کے خلاف سازشوں کا اشارہ دیا تھا جبکہ ان سے پہلے وزیر دفاع خواجہ آصف بھی پنجاب میں ممکنہ سیاسی تبدیلی کی کوششوں کے حوالے سے خدشات ظاہر کر چکے تھے۔

محسن نقوی نے جواب میں صرف پنجاب کا ذکر کرنے کے بجائے کہا کہ ملک بھر میں کرپشن موجود ہے اور جہاں بھی بدعنوانی ہو، اسے سامنے لانا اور ختم کرنا ضروری ہے۔

اگرچہ انہوں نے مریم نواز یا مسلم لیگ (ن) کا نام نہیں لیا، تاہم ان کے اس بیان کو سیاسی حلقوں میں پنجاب حکومت پر دباؤ بڑھانے والے بیان کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے چوہدری سالک حسین کے الزامات نے بھی پنجاب حکومت کو دفاعی پوزیشن اختیار کرنے پر مجبور کیا تھا۔

یہ بتایا جارہا ہے کہ ن لیگ کے اندر مریم نواز پنجاب کی تقسیم اور وہاں نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کررہی ہے۔

تیسرا اہم بیان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے تھا۔ محسن نقوی نے کہا کہ عمران خان کو قانون کے مطابق تمام حقوق اور عدالتوں سے ملنے والا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے عمران خان کے ساتھ کسی ممکنہ ڈیل کی افواہوں کو مسترد کیا، تاہم ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب کئی ماہ بعد عمران خان سے وکلا کی ملاقاتوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا ہے۔

عمران خان اور نئے صوبوں کا معاملہ: تحریک انصاف کا ممکنہ کردار

نئے صوبوں کی بحث میں سب سے زیادہ اہم پیش رفت پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے حوالے سے سامنے آئی ہے۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں کے بیانات کے مطابق عمران خان پہلے بھی ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے حامی رہے ہیں اور ان کا مؤقف رہا ہے کہ انتظامی بہتری کے لیے پاکستان میں صوبوں کی تعداد بڑھائی جانی چاہیے۔ ماضی میں وہ 34 صوبے بنانے کی تجویز بھی دے چکے ہیں۔

گزشتہ رات صحافی حامد میر کے پروگرام میں تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے بھی اس معاملے پر عمران خان کی جانب سے پارٹی کو ہدایات ملنے کی تصدیق کی، تاہم انہوں نے ان ہدایات کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا اور کہا کہ پارٹی اجلاس میں ارکان کو آگاہ کیا جائے گا۔

تحریک انصاف کی رہنما اور سینیٹر مشعال یوسفزئی نے بھی کہا ہے کہ عمران خان پہلے ہی نئے صوبوں کے قیام کے حامی ہیں۔

یہ بیانات سیاسی اعتبار سے اہم ہیں کیونکہ اگر تحریک انصاف باضابطہ طور پر نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتی ہے تو حکومت کے لیے پارلیمان میں ایک نئی سیاسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

اس دوران عمران خان سے وکلا کی ملاقات بھی خاصی اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے بعد 11 نومبر کو ان کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ نے اڈیالہ جیل میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کی، جو تقریباً تین گھنٹے جاری رہی۔

یہ ملاقات اس لیے بھی قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے عمران خان تک وکلا اور اہل خانہ کی رسائی محدود رہی تھی۔ ملاقات میں ان کی صحت، قانونی معاملات اور آئینی ترمیم کے ممکنہ پہلوؤں پر بھی بات ہوئی۔

اس ملاقات کے بعد عمران خان کی بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی رہائی اور ملاقاتوں کے سلسلے میں ہونے والی تبدیلیوں کو بھی سیاسی حلقوں میں اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔

کیا اسٹیبلشمنٹ اور تحریک انصاف ایک نکتے پر قریب آ سکتے ہیں؟

اسلام آباد کے سیاسی حلقوں میں ایک اہم سوال یہ اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا نئے صوبوں کا معاملہ موجودہ سیاسی کشیدگی میں کمی لانے اور تحریک انصاف اور مقتدر حلقوں کے درمیان کسی ممکنہ مفاہمت کا ذریعہ بن سکتا ہے؟

بعض سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کی حمایت تحریک انصاف اور موجودہ حکومتی حلقوں کو ایک مشترکہ سیاسی نکتے پر لا سکتی ہے۔

اس تناظر میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اگر تحریک انصاف نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی ترمیم کی حمایت کرتی ہے تو حکومت کے لیے پارلیمان میں مطلوبہ سیاسی حمایت حاصل کرنا اسان ہوجائے گا اور انھیں پیپلز پارٹی کی ضرورت نہیں پڑیگی ۔

اس وقت حکمران اتحاد میں پیپلز پارٹی ایک اہم جماعت ہے۔ آئینی ترمیم کے لیے اس کی حمایت انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ اگر پیپلز پارٹی نئے صوبوں کے معاملے پر مخالفت جاری رکھتی ہے تو مسلم لیگ (ن) کے لیے سیاسی مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں، اس لئے تحریک انصاف کی ضرورت ان کو پڑیگی۔

دوسری جانب اگر تحریک انصاف اس معاملے پر حکومت کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے تو ملک کی سیاسی صف بندی میں بڑی تبدیلی ممکن ہے

کیا ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبے بن سکتے ہیں؟

یہاں ایک اہم آئینی پہلو بھی سمجھنا ضروری ہے۔

پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 239 کے تحت آئینی ترمیم کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ دونوں میں مجموعی رکنیت کے کم از کم دو تہائی ارکان کی حمایت ضروری ہے۔

مزید یہ کہ اگر کسی صوبے کی حدود تبدیل کرنی ہوں تو متعلقہ صوبائی اسمبلی سے بھی اس کی مجموعی رکنیت کے دو تہائی ووٹوں سے منظوری لینا لازمی ہے۔

اس کا مطلب ہے کہ محسن نقوی کی تجویز کردہ ریفرنڈم کے ذریعے عوامی حمایت حاصل کرنا سیاسی طور پر اہم ہو سکتا ہے، لیکن صرف ریفرنڈم کے نتیجے سے نئے صوبے خود بخود وجود میں نہیں آ سکتے۔ اس کے بعد بھی آئینی تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔

دسمبر تک اہم فیصلے متوقع؟

اسلام آباد کے سیاسی حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں بھی جاری ہیں کہ نئے صوبوں کے معاملے پر آئندہ چند ہفتے اہم ہو سکتے ہیں۔ بعض باخبر ذرائع دسمبر کے وسط تک اس حوالے سے کسی اہم سیاسی پیش رفت یا فیصلے کا امکان ظاہر کر رہے ہیں

تاہم اس وقت اصل امتحان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے لیے ہے۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیاسی اور انتظامی تقسیم کے حوالے سے محتاط دکھائی دیتی ہے، جبکہ پیپلز پارٹی سندھ میں نئے صوبوں کی مخالفت کرتی رہی ہے۔

اگر دونوں جماعتیں نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت جاری رکھتی ہیں تو اس سے نئے صوبوں کے قیام کا منصوبہ لٹک جائے گا جس کے بعد سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق ملک میں سیاسی حالات کسی بھی طرف جاسکتے ہیں۔

Related posts

بلوچستان میں مرغی کا گوشت کیوں مہنگا ہو رہا ہے؟ تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود فی کلو نرخ 680 روپے تک پہنچ گئے

لاہور میں تیزرفتاری دو بھائیوں کی جان لے گئی، موٹرسائیکل حادثے میں دونوں جاں بحق

قرض دینے والی ایپس کے نام پر سائبر فراڈ کا نیٹ ورک بے نقاب، خواتین سمیت 154 افراد گرفتار