کیلیفورنیا (پاک ٹوڈے): دنیا کی مقبول ترین میسیجنگ ایپ واٹس ایپ جلد اپنے صارفین کے لیے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جدید سہولت متعارف کروانے جا رہی ہے، جس کے بعد یہ ایپ صرف چیٹنگ تک محدود نہیں رہے گی بلکہ ایک ڈیجیٹل والٹ کی شکل اختیار کر لے گی۔
تفصیلات کے مطابق میٹا کی ملکیت واٹس ایپ کے آئی او ایس Beta ورژن (26.33.10.70) میں اس نئے فیچر کی ابتدائی ٹیسٹنگ کی جا رہی ہے۔ اس فیچر کے فعال ہونے کے بعد صارفین واٹس ایپ کو چھوڑے بغیر اپنے رابطوں (Contacts) کو رقم منتقل کر سکیں گے۔ اس کے ساتھ ہی کریڈٹ و ڈیبٹ کارڈ کی تفصیلات، بلنگ ایڈریس اور فون نمبر جیسی ذاتی معلومات بھی محفوظ کی جا سکیں گی۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ ایک ایسا کنٹرول پینل بھی تیار کر رہا ہے جس کے ذریعے صارفین اپنی محفوظ کردہ مالیاتی معلومات کو ڈاؤن لوڈ یا مستقل طور پر حذف کر سکیں گے۔ تاہم، میٹا یا واٹس ایپ انتظامیہ کی جانب سے اس فیچر کے باقاعدہ آغاز یا مختلف ممالک میں رول آؤٹ سے متعلق فی الحال حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔