ملتان (پاک ٹوڈے): جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی طبیعت ناساز ہونے پر انہیں ملتان کے انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کردیا گیا ہے۔
ملتان کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن کا ابتدائی طبی معائنہ کیا گیا، جس کے بعد انہیں امراضِ قلب کے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مولانا فضل الرحمٰن اور حکومت کے درمیان سیاسی کشیدگی جاری ہے۔ جے یو آئی کے ترجمان نے اتوار کو دعویٰ کیا تھا کہ پنجاب حکومت نے مولانا فضل الرحمٰن کو دوبارہ نظر بند کردیا ہے، تاہم وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں نہ گرفتار کیا گیا ہے اور نہ ہی نظر بند کیا گیا۔
واضح رہے کہ 28 نومبر کو کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمٰن کی زیر استعمال رہائش گاہ سیل کردی تھی۔ اسی روز جے یو آئی نے ان کے صاحبزادے اسجد محمود کی گرفتاری کا دعویٰ بھی کیا تھا، جس کی پولیس نے تردید کی تھی۔
