ملتان (پاک ٹوڈے): کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس شیر شاہ ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹری سے اتر گئی، جس کے نتیجے میں 4 مسافر جاں بحق جبکہ 30 کے قریب زخمی ہوگئے۔ ترجمان ریلوے ملتان کے مطابق حادثے میں ٹرین کی 14 بوگیاں پٹری سے اتریں۔
حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں، جبکہ ملتان سے ریلیف ٹرین اور میڈیکل وین روانہ کر دی گئی ہیں۔ ملتان ڈویژن کی انتظامیہ بھی جائے حادثہ پر موجود ہے۔ حادثے کے باعث اپ اور ڈاؤن دونوں ٹریکس پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے حادثے کی تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاں بحق اور زخمی مسافروں کو ریلوے انشورنس پالیسی کے تحت معاوضہ دیا جائے گا۔ وزیر ریلوے خود بھی جائے حادثہ کی جانب روانہ ہوگئے ہیں، جبکہ حادثے کی مزید تفصیلات اور امدادی کارروائیوں سے متعلق معلومات بعد میں جاری کی جائیں گی۔