قاہرہ (پاک ٹوڈے): مصر میں سکیورٹی حکام نے فیکٹ چیکنگ اور تحقیقاتی پلیٹ فارم ’’مصدقش‘‘ کی پوری ادارتی ٹیم کے 6 صحافیوں کو گرفتار کرلیا۔
مصری وزارت داخلہ کے مطابق گرفتار صحافی مبینہ طور پر کالعدم اخوان المسلمون کے میڈیا نیٹ ورک کے لیے کام کر رہے تھے اور بیرون ملک سے مالی معاونت حاصل کرکے جعلی خبریں تیار کرنے میں ملوث تھے۔
وزارت داخلہ کا دعویٰ ہے کہ ’’مصدقش‘‘ نامی پلیٹ فارم بیرون ملک سے چلایا جا رہا تھا اور اس کے روابط اخوان المسلمون کی میڈیا کمیٹی سے تھے۔ حکام کے مطابق مصر میں موجود افراد خبری مواد تیار کرکے بیرون ملک موجود منتظمین کو بھیجتے تھے۔ گرفتار افراد میں سے ایک صحافی جرنلسٹس سنڈیکیٹ کا رکن بھی بتایا گیا ہے۔
دوسری جانب ’’مصدقش‘‘ نے اخوان المسلمون سے کسی بھی تعلق کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پلیٹ فارم 2018 سے غلط معلومات کی جانچ اور تردید کا کام کر رہا ہے۔ پلیٹ فارم کے مطابق اس نے اخوان المسلمون سے وابستہ ذرائع کی جانب سے پھیلائی جانے والی معلومات کو بھی متعدد مرتبہ غلط ثابت کیا ہے۔