مریم نواز کا چوہدری سالک کو کرپشن کے الزامات پر ہرجانے کا نوٹس بھیجنے کا اعلان

اٹک (پاک ٹوڈے): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی جانب سے پنجاب حکومت پر کرپشن کے الزامات عائد کرنے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے انہیں ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوانے کا اعلان کیا ہے۔

اٹک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ چوہدری سالک حسین وفاقی وزیر ہیں، انہیں بغیر کسی دستاویزی ثبوت کے الزامات عائد کرنے کے بجائے اگر کرپشن کے شواہد موجود ہیں تو وہ عوام کے سامنے لانے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ثبوت پیش نہ کیے گئے تو وہ انہیں عدالت لے جائیں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے سوال اٹھایا کہ اگر چوہدری سالک کی نظر میں صوبائی حکومت اتنی ہی کرپٹ ہے تو وہ وفاقی کابینہ میں وزارت کے عہدے پر کیوں موجود ہیں؟

چوہدری سالک کی جانب سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی حکومت کی تعریف پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جب وہ بارش کے دوران گجرات گئی تھیں تو وہاں سڑکوں اور محلوں میں پانی جمع تھا اور ان کی اپنی گاڑی بھی پانی میں ڈوب گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ وہ کرپشن کے معاملے پر کسی کے دباؤ یا بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گی اور صوبے میں تمام تقرریاں میرٹ کی بنیاد پر کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی یہ ثابت کر دے کہ انہوں نے یا ان کے کسی قریبی شخص نے کرپشن کی ہے تو وہ جوابدہ ہوں گی۔

دورہ اٹک کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے 23 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے 127 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔ ان منصوبوں میں 59 سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کے منصوبے شامل ہیں۔

Related posts

پنجاب میں کرپشن ہو رہی ہے، اپنے بیان پر قائم ہوں، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین

مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ڈرون کی پرواز، بیٹے کا سخت ردعمل سامنے آگیا

ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ایک اور مقدمے میں ضمانت منظور