راس الخیمہ (پاک ٹوڈے): متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں بس اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
اماراتی وزارت داخلہ کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو آپریشن میں ایمبولینس سروس، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں نے حصہ لیا۔
وزارت داخلہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ امدادی کارروائیوں کے دوران جائے حادثہ کو محفوظ بنایا گیا اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حادثے کی وجوہات اور دیگر تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔ وزارت داخلہ نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ حادثے سے متعلق معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر انحصار کریں اور غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ رواں ماہ متحدہ عرب امارات میں یہ دوسرا بڑا ٹریفک حادثہ ہے۔ اس سے قبل 12 نومبر کو ریاست فجیرہ میں متعدد گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے تھے۔ حکام کے مطابق اس حادثے میں ایک ٹرک ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا تھا، جس کے بعد ٹرک کئی دوسری گاڑیوں سے ٹکرا گیا تھا۔
