ریاض حسین| پاک ٹوڈے
دنیا بھر میں 2025 کے دوران 47 ہزار سے زائد خواتین اور بچیاں اپنے قریبی ساتھیوں، شوہروں یا خاندان کے دیگر افراد کے ہاتھوں قتل ہوئیں، یعنی اوسطاً ہر گھنٹے پانچ خواتین اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔ اقوام متحدہ کی ایک نئی رپورٹ میں ان اعداد و شمار کو صنفی بنیادوں پر تشدد کی سنگین صورتحال اور خواتین کو اپنے ہی گھروں میں تحفظ فراہم کرنے میں ناکامی کا واضح ثبوت قرار دیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کے اداروں برائے خواتین (UN Women) اور منشیات و جرائم سے متعلق دفتر (UNODC) کی مشترکہ طور پر تیار کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال روزانہ اوسطاً 129 خواتین اور بچیاں اپنے شوہروں، قریبی ساتھیوں یا خاندان کے دیگر افراد کے ہاتھوں قتل ہوئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2025 میں دنیا بھر میں جان بوجھ کر قتل کی جانے والی تقریباً 78 ہزار خواتین اور بچیوں میں سے لگ بھگ 60 فیصد کو ان کے خاندان یا قریبی تعلقات رکھنے والے افراد نے قتل کیا۔
یہ تخمینے 122 ممالک اور خطوں کے اعدادوشمار کے تجزیے کی بنیاد پر مرتب کیے گئے ہیں۔
25 نومبر کو خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن سے قبل جاری ہونے والی اس رپورٹ کے مطابق شوہروں، قریبی ساتھیوں اور خاندان کے افراد کے ہاتھوں خواتین اور بچیوں کے قتل کی تعداد گزشتہ کئی برسوں سے تشویشناک حد تک برقرار ہے، جو سالانہ 45 ہزار سے 51 ہزار کے درمیان رہی ہے۔
رپورٹ میں قتل کے واقعات میں خواتین اور مردوں کے درمیان ایک نمایاں فرق کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ دنیا بھر میں قتل ہونے والے مجموعی افراد میں خواتین کا تناسب تقریباً 19 فیصد ہے، تاہم قتل ہونے والی خواتین میں سے تقریباً 60 فیصد اپنے گھروں یا قریبی خاندانی تعلقات کے دائرے میں قتل ہوئیں۔
اس کے برعکس قتل ہونے والے مردوں میں صرف 11 فیصد اپنے قریبی ساتھیوں یا خاندان کے افراد کے ہاتھوں مارے گئے۔
علاقائی اعداد و شمار کے مطابق افریقہ میں خواتین اور بچیوں کے قتل کے سب سے زیادہ واقعات سامنے آئے، جہاں 2025 کے دوران اندازاً 22 ہزار 100 خواتین اور بچیاں اپنے قریبی ساتھیوں یا خاندان کے افراد کے ہاتھوں قتل ہوئیں۔
ایشیا 15 ہزار 100 متاثرین کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، جبکہ امریکا کے خطے میں 7 ہزار 400، یورپ میں 2 ہزار 100 اور اوشیانا میں تقریباً 300 خواتین اور بچیوں کو قتل کیا گیا۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ دنیا کا کوئی بھی خطہ خواتین اور بچیوں کے صنفی بنیادوں پر قتل سے مکمل طور پر محفوظ نہیں ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگرچہ دنیا بھر میں قتل کی مجموعی شرح میں کمی آئی ہے، تاہم خواتین کے صنفی بنیادوں پر قتل کے واقعات میں کمی کی رفتار نسبتاً سست رہی ہے، خصوصاً امریکا کے خطے اور یورپ میں۔
اقوام متحدہ کے مطابق اس مسلسل تشدد کی بنیادی وجوہات میں معاشرتی رویے، صنفی امتیاز، خواتین کے خلاف دقیانوسی تصورات اور انصاف و تحفظ تک رسائی میں حائل رکاوٹیں شامل ہیں۔
پاکستان میں بھی غیرت کے نام پر سینکڑوں خواتین قتل
پاکستان میں بھی صنفی بنیادوں پر تشدد کی صورتحال تشویشناک ہے، جہاں 2025 کے دوران غیرت کے نام پر سینکڑوں خواتین قتل ہوئیں جبکہ گھریلو تشدد کے ہزاروں واقعات بھی رپورٹ کیے گئے۔
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (HRCP) کی سالانہ رپورٹ کے مطابق 2025 میں ملک بھر میں کم از کم 470 خواتین غیرت کے نام پر قتل ہوئیں۔ یہ اعداد و شمار نیشنل پولیس بیورو کے فراہم کردہ ڈیٹا کی بنیاد پر مرتب کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب میں سب سے زیادہ 189 واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ سندھ میں 126، خیبر پختونخوا میں 116 اور بلوچستان میں 29 خواتین غیرت کے نام پر قتل ہوئیں۔ گلگت بلتستان میں بھی ایسے 10 واقعات رپورٹ کیے گئے۔
ایچ آر سی پی کی رپورٹ میں اسی سال گھریلو تشدد کے زمرے میں کم از کم 1,332 قتل اور تشدد یا مارپیٹ کے 2,912 واقعات بھی درج کیے گئے، جو گھریلو ماحول میں خواتین کو درپیش تشدد کی سنگینی کو ظاہر کرتے ہیں۔
یہ اعداد و شمار اس حقیقت کی نشاندہی کرتے ہیں کہ خواتین اپنے گھروں اور خاندانوں کے اندر بھی غیر محفوظ ہیں۔ تاہم پاکستان کے دستیاب اعداد و شمار میں ان تمام قتل ہونے والی خواتین کی الگ الگ تفصیلات موجود نہیں ہیں جنہیں خاص طور پر شوہروں، قریبی ساتھیوں یا خاندان کے دیگر افراد نے قتل کیا ہو۔ اس لیے ان کا اقوام متحدہ کے عالمی اعداد و شمار سے براہ راست موازنہ نہیں کیا سکتا۔
اعداد و شمار خیبر پختونخوا میں خواتین کو درپیش مسائل کی بھی نشاندہی کرتے ہیں، جہاں 2025 کے دوران غیرت کے نام پر قتل کے 116 واقعات رپورٹ ہوئے۔ صوبے کے اعداد و شمار میں گھریلو تشدد کے زمرے میں 325 قتل، مارپیٹ کے 149 اور گھریلو تشدد کے دیگر 123 واقعات بھی درج کیے گئے۔
ایچ آر سی پی نے نیشنل پولیس بیورو کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد کے اصل واقعات سرکاری اعداد و شمار اور ذرائع ابلاغ میں رپورٹ ہونے والے واقعات سے کہیں زیادہ ہو سکتے ہیں، کیونکہ بہت سے واقعات رپورٹ نہیں کیے جاتے جبکہ دستیاب ریکارڈ میں بھی خامیاں موجود ہیں۔
خواتین کے خلاف تشدد صرف قتل تک محدود نہیں۔ ایچ آر سی پی کی رپورٹ کے مطابق 2025 میں پاکستان بھر میں ریپ کے 3 ہزار 815، اجتماعی زیادتی کے 983، حراست کے دوران جنسی تشدد کے 69 اور محرم رشتوں میں جنسی زیادتی کے 223 واقعات رپورٹ ہوئے۔
یہ اعداد و شمار خواتین کے خلاف تشدد کی وسیع تر صورتحال کو ظاہر کرتے ہیں، جس میں جنسی زیادتی، گھریلو تشدد، اغوا اور غیرت کے نام پر قتل جیسے جرائم شامل ہیں۔
پاکستان میں ایسے جرائم کے مقدمات میں سزا دلانے کی صورتحال بھی احتساب کے نظام پر سوالات اٹھاتی ہے۔ ایچ آر سی پی نے خیبر پختونخوا میں صنفی بنیادوں پر تشدد کے جائزے میں سسٹین ایبل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (SSDO) کے اعداد و شمار کا حوالہ دیا، جس کے مطابق 2025 کے دوران صوبے میں تشدد کے 941 واقعات سامنے آئے، جن میں 95 قتل شامل تھے۔ ان میں سے 74 قتل غیرت کے نام پر کیے گئے تھے۔
ایس ایس ڈی او کے مطابق 2025 کی پہلی ششماہی کے دوران اس کے ریکارڈ میں شامل کسی بھی مقدمے میں سزا نہیں ہو سکی تھی جبکہ 801 مقدمات کے چالان جمع کرائے جا چکے تھے اور 770 مقدمات زیر سماعت تھے۔
خواتین کے تحفظ اور مجرموں کے احتساب کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت
اقوام متحدہ کی رپورٹ میں زور دیا گیا ہے کہ گھریلو تشدد کی روک تھام کے لیے اقدامات صرف شوہروں یا قریبی ساتھیوں تک محدود نہیں ہونے چاہئیں بلکہ خاندان کے دیگر افراد کے ہاتھوں خواتین پر ہونے والے تشدد کو بھی روکنا ضروری ہے۔
فیمیسائیڈ (Femicide) سے مراد خواتین اور بچیوں کا صنفی بنیادوں پر قتل ہے۔ اس میں شوہروں، قریبی ساتھیوں یا خاندان کے افراد کے ہاتھوں قتل کے علاوہ بعض ایسے قتل بھی شامل ہو سکتے ہیں جن کا تعلق منظم جرائم، جبری مشقت اور انسانی اسمگلنگ سے ہو۔
تاہم اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ گھریلو ماحول سے باہر صنفی بنیادوں پر ہونے والے قتل کے بارے میں قابل اعتماد اعداد و شمار انتہائی محدود ہیں، جس کی وجہ سے عالمی اور علاقائی سطح پر ان واقعات کی مکمل تعداد کا تعین کرنا مشکل ہے۔
رپورٹ میں خواتین کے خلاف تشدد کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہتر کارکردگی، انصاف تک آسان رسائی اور تشدد یا دھمکیوں کا سامنا کرنے والی خواتین اور بچیوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
پاکستان کے تناظر میں یہ اعداد و شمار موجودہ قوانین پر مؤثر عمل درآمد، پولیس تحقیقات کو مضبوط بنانے، مقدمات کی بروقت سماعت اور خاندان کے اندر خطرات کا سامنا کرنے والی خواتین کے لیے محفوظ پناہ گاہوں اور معاونت کی سہولیات فراہم کرنے کی فوری ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے صرف انفرادی مجرموں کے خلاف کارروائی کافی نہیں بلکہ ان معاشرتی رویوں، امتیازی تصورات اور ادارہ جاتی کمزوریوں کو بھی ختم کرنا ہوگا جو ایسے جرائم کے تسلسل کا سبب بنتی ہیں۔
