جمرود (پاک ٹوڈے): کوکی خیل قوم کے ممتاز رہنما ملک نصیر احمد نے علاقے کے دیرینہ عوامی و قومی مسائل کے حل کے لیے کل صبح جمرود ریلوے اسٹیشن پر ایک اہم گرینڈ جرگہ طلب کرتے ہوئے تمام سیاسی، سماجی اور قومی مشران کو شرکت کی دعوت دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک نصیر احمد کوکی خیل نے تمام اقوام، مشران، ملک صاحبان، نوجوانوں، سیاسی جماعتوں کے قائدین اور مختلف تنظیموں کے ذمہ داران و کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ قوم کے وسیع تر مفاد میں اس اہم جرگے میں اپنی بھرپور اور فعال شرکت یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ درپیش درپیش چیلنجز کا مقابلہ صرف قومی اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے جرگے کے ایجنڈے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم اجلاس میں تیراہ کے متاثرین کی اپنے آبائی علاقوں میں باوقار اور باعزت واپسی سمیت صوبائی حکومت کی جانب سے کوکی خیل قوم کے واجب الادا 55 کروڑ روپے کے امدادی پیکیج کی فوری واگزاری کا معاملہ زیرِ بحث لایا جائے گا۔ اس کے علاوہ ریگی للمہ کی متنازع اراضی، کوکی خیل قوم کی مشترکہ اراضیات کے حقوق کا تحفظ اور خطے میں امن و امان کی بحالی پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔
کوکی خیل مشر نے علاقے میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور ناروا لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو درپیش اس شدید اذیت کے خاتمے کے لیے بھی جرگے میں سخت اور متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام مکاتبِ فکر کے افراد سے درخواست کی کہ وہ کل صبح 9 بجے جمرود ریلوے اسٹیشن پہنچ کر قومی اتحاد کا ثبوت دیں اور اپنے حقوق کی بحالی کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل کی منظوری دیں۔
