پشاور (پاک ٹوڈے): وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے خیبرپختونخوا کیلئے اعلان کردہ 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج پر پیش رفت شروع ہوگئی ہے، جس کے تحت وفاقی حکومت نے ابتدائی طور پر 10 ارب روپے صوبائی حکومت کو جاری کر دیے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق ترقیاتی پیکج میں صوبے کے 12 مخصوص اضلاع کیلئے 96 ارب 97 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ دیگر 25 اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے 63 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
12 مخصوص اضلاع میں مجموعی طور پر 430 ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔ ان میں 7 خصوصی منصوبوں کیلئے 19 ارب 27 کروڑ روپے جبکہ 423 دیگر منصوبوں کیلئے 77 ارب 70 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ ان اضلاع میں 100 روزہ اور 180 روزہ ترقیاتی منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔
امن و امان اور پولیس کی استعداد بڑھانے کیلئے 39 ارب روپے مختص
ترقیاتی پیکج کے تحت امن و امان سے متعلق 62 منصوبوں پر 39 ارب 19 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ ان منصوبوں میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بھی بڑے منصوبے شامل
دستاویزات کے مطابق صحت کے شعبے میں 41 منصوبوں کیلئے 3 ارب 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ تعلیم کے 72 منصوبوں پر 12 ارب 90 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔
باجوڑ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تین دانش اسکول قائم کرنے کی تجویز ہے۔ اس کے علاوہ 70 اسکولوں کی مرمت اور اپ گریڈیشن جبکہ 409 اسکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔
سڑکوں، پانی اور زراعت کے منصوبے بھی پیکج کا حصہ
مخصوص اضلاع میں سڑکوں کی بہتری کے 32 منصوبوں کیلئے 12 ارب 70 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں میں ٹل پاراچنار روڈ اور گومل زام ڈیم بھی شامل ہیں۔
اسی طرح 88 مقامات پر پانی کی فراہمی کی اسکیموں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا، جبکہ زرعی شعبے میں 100 طلبہ کو چین میں زرعی تعلیم حاصل کرنے کیلئے اسکالرشپس دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔
دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا کے دیگر 25 اضلاع میں مجموعی طور پر 219 ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام کیا جائے گا۔
