پشاور (پاک ٹوڈے): تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ چھوٹے صوبوں کے قیام سے ملک کمزور نہیں ہوگا اور تحریک انصاف نے کبھی نئے صوبوں کی مخالفت نہیں کی۔
ایک بیان میں شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ صوبوں کے قیام سے متعلق تحریک انصاف کا مؤقف واضح اور اصولی ہے، صوبوں کی بات کرنے والے بانی پی ٹی آئی سے براہ راست بات کریں۔ ان کے مطابق چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام سے عوام کے بنیادی مسائل حل ہوں گے۔
انہوں نے حکومت کی درآمدی اور برآمدی پالیسی کو فرسودہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ پالیسی ملک کی ضروریات پوری کرنے میں ناکام ہے اور حکومتی پالیسیوں سے عوام کے بجائے مخصوص طبقہ فائدہ اٹھا رہا ہے۔
شوکت یوسفزئی نے خدشہ ظاہر کیا کہ چینی برآمد کرنے سے ملک میں بحران پیدا ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں چینی برآمد کرنے کے بعد مہنگے داموں درآمد کرنا پڑی، کیا حکومت ضمانت دے سکتی ہے کہ اس بار چینی کا بحران پیدا نہیں ہوگا؟
پی ٹی آئی رہنما نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا سافٹ ویئر اب اپ ڈیٹ لگتا ہے، وہ پہلے مولانا فضل الرحمان پر الزامات لگاتے تھے لیکن اب ان کے احترام کی بات کرتے ہیں۔
