کراچی (پاک ٹوڈے): وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تھرپارکر اور عمرکوٹ کے خشک سالی سے متاثرہ خاندانوں کے لیے 5 ارب 30 کروڑ روپے کے امدادی پیکیج پر فوری عمل درآمد کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت امدادی پیکیج سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں متعلقہ صوبائی مشیروں، معاون خصوصی، چیف سیکریٹری سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ کمشنر میرپور خاص نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں حصہ لیا۔
اجلاس میں متاثرہ خاندانوں کو نقد امداد، رعایتی اور مفت گندم سمیت غذائی سہولیات فراہم کرنے کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ امدادی پیکیج پر فوری عمل درآمد کیا جائے اور انتظامی تاخیر کے باعث کوئی مستحق خاندان امداد سے محروم نہ رہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق ہر مستحق خاندان کو مجموعی طور پر 8 ہزار روپے تین قسطوں میں فراہم کیے جائیں گے۔ پہلی قسط یکم دسمبر، دوسری یکم جنوری اور تیسری یکم فروری کو جاری کی جائے گی۔
انہوں نے چیف سیکریٹری کو متعلقہ محکموں اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے درمیان رابطہ یقینی بنانے کی ہدایت کی، جبکہ منتخب نمائندوں کو مستحق خاندانوں کی نشاندہی اور امداد کی شفاف و منصفانہ تقسیم میں کردار ادا کرنے کا کہا۔
اجلاس میں تھرپارکر کو آفت زدہ قرار دینے کی تجویز بھی زیر غور آئی، تاہم کالوئی کے 9 نہری دیہات کو اس سے مستثنیٰ رکھنے کی تجویز دی گئی۔ عمرکوٹ کے صحرائی علاقوں کے 25 دیہات کو بھی مجوزہ آفت زدہ علاقوں میں شامل کیا گیا ہے۔
اجلاس میں پیش کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق تھرپارکر میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت پی ایم ٹی صفر تا 40 اسکور والے ایک لاکھ 92 ہزار 931 گھرانے جبکہ عمرکوٹ میں 80 ہزار 735 گھرانے شامل ہیں۔ اسی طرح پی ایم ٹی صفر تا 32 اسکور والے تھرپارکر کے ایک لاکھ 29 ہزار 92 اور عمرکوٹ کے 61 ہزار 799 گھرانے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے امدادی فہرستوں کی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے تصدیق کرنے اور دہرا اندراج روکنے کی بھی ہدایت کی۔
مراد علی شاہ نے کاشتکاروں کے لیے فی ایکڑ 4 ہزار روپے ڈی اے پی کھاد سبسڈی دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک کو گندم کی فراہمی پر فی من 2 ہزار روپے اضافی امداد دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ خشک سالی سے متاثرہ خاندانوں، مویشی پالنے والوں اور بارانی کاشتکاروں کی مدد حکومت کی ترجیح ہے، جبکہ امدادی اقدامات کا مقصد غذائی تحفظ، زرعی سرگرمیوں اور دیہی معیشت کو مضبوط بنانا ہے۔
