اسلام الدین ساجد
اسلام اباد ( پاک ٹوڈے) پاکستان کے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل علی ناصر رضوی نے خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر عدلیہ اور معزز ججوں کے خلاف مبینہ منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف پیکا قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان میں حکومت کی جانب سے سائبر کرائم قوانین کے استعمال، صحافیوں کی گرفتاریوں اور اظہار رائے کی آزادی پر پابندیوں کے حوالے سے شدید بحث جاری ہے۔
ایک بیان میں ڈی جی این سی سی آئی اے علی ناصر رضوی نے کہا کہ جس طرح ریاستی اداروں کے احترام اور ان کے خلاف منفی پروپیگنڈے سے گریز کی بات کی جاتی ہے، اسی طرح عدلیہ کے احترام کو بھی یقینی بنانا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو یہ اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ کسی معزز جج کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی پوسٹ کرے۔
ان کے بقول، اگر کوئی شخص قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کسی جج کے خلاف پوسٹ کرتا ہے تو اس کے خلاف پیکا قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
علی ناصر رضوی نے خبردار کیا کہ کسی بھی شخص کا تعلق کسی بھی طبقے یا معاشرتی گروہ سے ہو، اگر اس کی سوشل میڈیا سرگرمی قانون کے خلاف ہوئی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ان کا لہجہ سخت تھا اور بیان کو صحافیوں اور آزادی اظہار کے حامی حلقوں کی جانب سے عدلیہ پر تنقید کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی وارننگ کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
پیکا قانون کیا ہے اور تنازع کیوں ہے؟
پاکستان میں پریوینشن اف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ
(PECA) 2016
میں سائبر جرائم کی روک تھام کے لیے متعارف کرایا گیا تھا
اس قانون میں 2025 میں ترامیم کی گئیں، جن کے ذریعے آن لائن مواد، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ڈیجیٹل سرگرمیوں کی نگرانی اور ان کے خلاف کارروائی کے قانونی طریقہ کار کو مزید وسعت دی گئی
حکومت کا مؤقف ہے کہ ان قوانین کا مقصد جھوٹی خبروں، آن لائن ہراسانی، کردار کشی اور غیر قانونی ڈیجیٹل سرگرمیوں کی روک تھام ہے۔
تاہم انسانی حقوق کی تنظیموں، صحافتی اداروں اور آزادی اظہار کے حامیوں نے پیکا قانون کی ترامیم پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قانون کی بعض دفعات کو حکومت اور ریاستی اداروں پر تنقید کرنے والے صحافیوں، سیاسی کارکنوں اور شہریوں کے خلاف استعمال کیا جاسکتا ہے۔
پاکستان میں صحافیوں کی گرفتاریوں اور سائبر کرائم ایجنسی کی کارروائیوں نے بھی ان خدشات کو تقویت دی ہے۔
گزشتہ روز معروف صحافی شاہد میتلا کو بھی اسلام آباد سے حراست میں لیے جانے کا معاملہ سامنے آیا۔ اطلاعات کے مطابق ان کے خلاف سابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹ کے معاملے پر کارروائی کی گئی۔
اس واقعے پر صحافتی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے اور بعض سینئر صحافی اسے صحافیوں کی آواز دبانے اور اظہار رائے کی آزادی محدود کرنے کی کوشش قرار دے رہے ہیں۔
صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ جمہوری معاشرے میں وزیراعظم، وزرا، ججوں، فوجی افسران اور دیگر ریاستی عہدیداروں کے فیصلوں اور کارکردگی پر تنقید شہریوں کا بنیادی حق ہے، بشرطیکہ وہ قانون کی حدود میں ہو۔
ان کے مطابق کسی بھی ریاستی عہدیدار کو تنقید سے بالاتر قرار دینا جمہوری اصولوں اور احتساب کے تصور کے منافی ہوگا۔
گزشتہ روز اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے بھی سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان میں صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور سیاسی اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے افراد کی مبینہ من مانی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ صرف ایک معروف سیاسی شخصیت یعنی سابق وزیر اعظم عمران خان تک محدود نہیں بلکہ میڈیا ورکرز، انسانی حقوق کے محافظوں اور سیاسی مخالفین کے حقوق کا بھی سوال ہے، جن کے لیے بین الاقوامی قانونی معیارات کا احترام ضروری ہے۔
وولکر ترک نے پاکستانی حکام پر زور دیا کہ وہ سیاسی کشیدگی کم کرنے، مناسب مکالمے اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کریں۔ ان کا یہ بیان پاکستان میں پیکا قانون کے نفاذ اور صحافیوں کے خلاف سائبر کرائم کارروائیوں پر جاری بحث کے تناظر میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔
27ویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ پر تنقید
پاکستان میں 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد عدلیہ کی آزادی اور عدالتی نظام کی خودمختاری کے حوالے سے سیاسی تنازع مزید شدت اختیار کرگیا ہے۔
اپوزیشن جماعتوں اور حکومت کے ناقدین کا الزام ہے کہ آئینی ترمیم کے ذریعے عدلیہ کی آزادی محدود ہوئی ہے اور نئی آئینی عدالت کا نظام سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال ہوسکتا ہے۔
حکومت اور ترمیم کے حامی ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ عدالتی نظام میں تبدیلیوں کا مقصد آئینی مقدمات کے فیصلوں کو زیادہ مؤثر بنانا ہے۔
تاہم اپوزیشن کا مؤقف ہے کہ عدلیہ کی آزادی کے بغیر شہریوں کو منصفانہ انصاف کی فراہمی ممکن نہیں اور ججوں کے تقرر، اختیارات اور عدالتی ڈھانچے میں تبدیلیوں سے عدالتی خودمختاری متاثر ہوسکتی ہے۔
ڈی جی این سی سی آئی اے کا تازہ بیان ایسے ماحول میں سامنے آیا ہے جب ججوں اور عدلیہ کے کردار پر سیاسی اور عوامی سطح پر بحث جاری ہے۔
حکومت کا عمومی مؤقف ہے کہ آئین اور قانون کے تحت ہر شہری کو اظہار رائے کی آزادی حاصل ہے، تاہم اس آزادی کو غیر قانونی سرگرمیوں، جھوٹی معلومات، ہراسانی یا کردار کشی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
دوسری جانب ناقدین کا کہنا ہے کہ اگر عدلیہ، حکومت اور ریاستی اداروں پر تنقید کو سائبر کرائم کے مقدمات کی بنیاد بنایا گیا تو اس سے پاکستان میں آزاد صحافت، سیاسی اختلاف اور عوامی احتساب کے لیے مزید مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔
بنیادی سوال یہ ہے کہ کسی جج یا ریاستی ادارے کے خلاف غیر قانونی دھمکی، ہراسانی اور جھوٹی معلومات کی روک تھام کہاں ختم ہوتی ہے اور کسی ریاستی عہدیدار کے فیصلوں پر جائز تنقید اور شہریوں کے حق اظہار رائے کی آزادی کہاں سے شروع ہوتی ہے۔ یہی تنازع پاکستان میں پیکا قانون اور اس کے نفاذ پر جاری بحث کا مرکزی نکتہ بن چکا ہے۔
