واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں موجود ایرانی وفد کو امریکا سے فوری روانگی کی ہدایت کی ہے۔
امریکی حکام کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت وفد کو مذاکرات میں پیشرفت نہ ہونے کے بعد نیویارک چھوڑنے کا کہا گیا۔ امریکی مؤقف کے مطابق وفد نے جنرل اسمبلی کا اجلاس ختم ہونے کے باوجود نیویارک میں قیام کیا تھا۔
دوسری جانب ایرانی اقوام متحدہ مشن نے وفد کو امریکا سے نکالے جانے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفد کی روانگی پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوئی، جس سے امریکی محکمہ خارجہ کو 17 ستمبر کو آگاہ کردیا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق قطر نے امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی پیشرفت کے لیے ثالثی کی کوششیں کیں، تاہم دونوں فریق اپنے مؤقف میں لچک دکھانے پر آمادہ نہیں ہوئے اور مذاکرات کسی واضح پیشرفت کے بغیر تعطل کا شکار ہوگئے۔
